QR CodeQR Code

اب ریڈزون جائیں یا وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں، میں سب سے آگے جاؤں گا، فاروق ستار

27 Jan 2022 23:51

میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم بحالی کمیٹی نے کہا کہ متحدہ کے سینئر ساتھی جو بھی لائحہ عمل بنائیں گے، انکے ساتھ ہوں اگر جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو تو میں سب سے پہلے جیل جانے کے لئے تیار ہوں۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے اراکین او آر سی کے ہمراہ تحریک ایم کیو ایم پاکستان کے شہید کارکن اسلم بھائی کی نمازے جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر فاروق ستار نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم سے ہمارا ایک اور ساتھی چھین لیا گیا، آج پاکستان بنانے والوں کی موجودہ نسل کے سیاسی سپاہی کو پرامن احتجاج کرنے اور اپنا حق مانگنے کی پاداش میں اسکے جینے کے حق سے محروم کردیا گیا، میں حکومت سندھ کی متعصب انتظامیہ، متعصب پولیس کے اس متعصبانہ، ظالمانہ، جابرانہ، عمل کی سخت سے سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، پیپلز پارٹی اسکی صوبائی حکومت اور وزیراعلی سندھ  نے تمام حدوں کو پار کیا، کل جو میری ماں، بہنوں، بیٹیوں، نوجوانوں، اور منتخب نمائندوں پر ظلم اور تشدد ہوا اسکی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو انتباہ دیتا ہو کہ ایم کیو ایم پاکستان اور شہید کارکن کے اہل خانہ کے مطالبات کو پورا کیا جائے اور تشدد کرنے والوں کے نام ایف آئی آر میں ڈالیں جائیں، مہاجر قوم اور دیگر مظلوم قومیتوں پر اس سے برا وقت نہیں آسکتا جو آج آیا ہے، قوم کی عزت اور وقار کو بچانے، تحریک کی بقا و سلامتی اور تحریک کو بچانے کے لئے میں کل بہادرآباد گیا، (ایم کیو ایم) کے سینئر ساتھی جو بھی لائحہ عمل بنائیں گے میں انکے ساتھ ہوں، اگر جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو تو میں سب سے پہلے جیل جانے کے لئے تیار ہوں، اب ریڈزون جائیں یا وزیراعلیٰ ہاؤس جائیں میں سب سے آگے جاؤں گا، حکومت سندھ ظلم بند کرے اور اس کالے قانون کو واپس لے ورنہ وزیراعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 975935

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975935/اب-ریڈزون-جائیں-یا-وزیراعلی-ہاؤس-میں-سب-سے-آگے-جاؤں-گا-فاروق-ستار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org