QR CodeQR Code

چاہے کچھ بھی کر لیں نواز شریف واپس نہیں آئیں گے، چوہدری شجاعت

28 Jan 2022 00:48

اپنے ایک بیان میں صدر مسلم لیگ (ق) نے واضح کیا کہ جو خود وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہو، وہ نواز شریف کو واپسی کا کہے تو یہ مضحکہ خیز بات ہے، کوئی پارٹی یا کسی پارٹی کا لیڈر مہنگائی کے سدباب کیلئے پارلیمنٹ میں منصوبہ پیش کرے تو اپنے ارکان سے انکی بات سننے کا کہوں گا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے حکومت کو عوامی مسائل پر توجہ دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ چاہے کچھ بھی کرلیں، لیکن مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ملک واپس نہیں آئیں گے، اس لیے ان کی واپسی کے معاملے سے باہر نکل جائیں۔ چوہدری شجاعت حسین نے زور دیا کہ عوامی مسائل کو نظرانداز کرکے نواز شریف کی واپسی کے معاملے پر توجہ رہی تو پھر ملک کا اللہ ہی حافظ ہے، کیونکہ یہ سال حقیقی معنوں میں کام کرنے کا سال ہے، جبکہ جتنے پیسوں کا الزام نواز شریف پر ہے، اس سے کہیں زیادہ مقدمے بازی پر خرچ کر دیئے گئے ہیں۔

صدر مسلم لیگ (ق) نے واضح کیا کہ جو خود وزارت عظمیٰ کا امیدوار ہو، وہ نواز شریف کو واپسی کا کہے تو یہ مضحکہ خیز بات ہے، کوئی پارٹی یا کسی پارٹی کا لیڈر مہنگائی کے سدباب کے لیے پارلیمنٹ میں منصوبہ پیش کرے تو اپنے ارکان سے ان کی بات سننے کا کہوں گا۔ انہوں نے حکمراں جماعت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد کی واپسی کے لیے ضمانت کی بات کرتے ہیں تو یہ بات بھولنی نہیں چاہیئے کہ زندگی اور موت کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا، کیونکہ اس کا اختیار صرف اللہ کے پاس ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت نے کہا کہ ان دنوں لیڈر ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں، جس کا انجام عنقریب وہ خود دیکھ لیں گے۔


خبر کا کوڈ: 975944

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/975944/چاہے-کچھ-بھی-کر-لیں-نواز-شریف-واپس-نہیں-آئیں-گے-چوہدری-شجاعت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org