QR CodeQR Code

گورنر سندھ کی ایم کیو ایم کے جاں بحق کارکن محمد اسلم کی فاتحہ سوئم میں شرکت

28 Jan 2022 19:06

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت سمجھدار لوگوں کے ہاتھوں میں ہے اور وہ پرامن احتجاج کررہے تھے، لہذا سندھ حکومت کو چاہیئے تھا کہ طاقت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے وہ ان سے بات چیت کرکے اس معاملہ کو حل کرتے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایم کیو ایم پاکستان کے کارکن مرحوم محمد اسلم کی رہائشگاہ پہنچ کر ان کے لئے فاتحہ خوانی اور ورثاء سے تعزیت کی۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر ظلم و بربریت کے نتیجہ میں سیاسی پارٹی کے کارکن محمد اسلم کی شہادت ہوئی، وہ آٹھ بچوں کے واحد کفیل تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم کا اتنا بڑا جرم تھا کہ وہ ایک پرامن مظاہرہ کے لئے وہاں پہنچے تھے؟ حکومتی ارکان آج ان کے گھروں پر جا کر بات کررہے ہیں، اگر سندھ حکومت مظاہرہ والے دن ہی ان سے بات کرلیتے تو یہ معاملہ سلجھ سکتا تھا لیکن صوبائی حکومت نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا، پولیس کی جانب سے آزادانہ لاٹھی چارج ہوا، شیلنگ ہوئی، ایم پی ایز کو سڑکوں پر گھسیٹا گیا اور پارلیمنٹ کے تقدس کو بھی اس طرح سے پامال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر سندھ حکومت افہام و تفہیم سے کام لیتی تو وہاں پر بیٹھ کر مذاکرات ہوسکتے تھے، سندھ میں  ڈکٹیٹر شپ سے بھی زیادہ سخت معاملات دیکھ رہے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ محمد اسلم کی شہادت پر ان کے لواحقین کی مالی امداد کو یقینی بنائے جس سے مرحوم کے آٹھ بچوں کی کفالت ممکن ہوسکے، میں وزیراعظم عمران خان صاحب کے سامنے بھی یہ بات رکھوں گا کہ وہ اپنے کسی پروگرام کے تحت مرحوم کی فیملی کی کفالت کا ذریعہ بنائیں۔ میڈیا کی جانب سے کئے گئے سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی قیادت سمجھدار لوگوں کے ہاتھوں میں ہے اور وہ پرامن احتجاج کررہے تھے، لہذا سندھ حکومت کو چاہیئے تھا کہ طاقت کا مظاہرہ کرنے کے بجائے وہ ان سے بات چیت کرکے اس معاملہ کو حل کرتے کیونکہ یہاں پی ایس ایل کے میچز کے لئے ٹیمیں رکی ہوئی ہیں اور انٹرنیشنل میڈیا کو غلط تاثر جاسکتا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو مرحوم محمد اسلم کی ہلاکت پر سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 976031

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/976031/گورنر-سندھ-کی-ایم-کیو-کے-جاں-بحق-کارکن-محمد-اسلم-فاتحہ-سوئم-میں-شرکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org