QR CodeQR Code

جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے درمیان معاہدے کی شقیں عوام کے سامنے لائی جائیں، سردار رحیم

28 Jan 2022 19:53

ایک بیان میں جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ متنازعہ بلدیاتی قانون کی درستگی سندھ اسمبلی کے ذریعے ہی ہوسکتی ہے، متنازعہ بلدیاتی بل سندھ اسمبلی میں پیش ہوگا تو تمام سمجھوتوں کی قلعی بھی کھل جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے درمیان متنازعہ بلدیاتی قانون سے متعلق معاہدہ، جی ڈی اے کے ترجمان سردار عبدالرحیم نے جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی کے درمیان طے پانے والے معاہدے کی شقیں عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان متنازعہ بلدیاتی قانون سے متعلق طے پانے والے معاہدے کی شقیں عوام کے سامنے لائی جانی چاہیئیں تاکہ عوام جان سکیں کہ کالا قانون ایک رات میں سفید کیسے ہوگیا؟

سردار عبدالرحیم نے مزید کہا کہ دونوں جماعتوں کے مابین طے پانے والی شقوں پر عوام کو اعتماد میں لئے جانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ متنازعہ بلدیاتی قانون میں بنیادی چیزوں کا حل ہونا ضروری ہے، مقامی حکومتوں کا بااختیار ہونا ضروری ہے۔ سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ مقامی حکومتوں سے سندھ حکومت کا غیر آئینی تسلط ختم ہونا اشد ضروری ہے، متنازعہ بلدیاتی قانون کی درستگی سندھ اسمبلی کے ذریعے ہی ہوسکتی ہے، متنازعہ بلدیاتی بل سندھ اسمبلی میں پیش ہوگا تو تمام سمجھوتوں کی قلعی بھی کھل جائیگی۔


خبر کا کوڈ: 976041

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/976041/جماعت-اسلامی-اور-پیپلز-پارٹی-کے-درمیان-معاہدے-کی-شقیں-عوام-سامنے-لائی-جائیں-سردار-رحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org