QR CodeQR Code

آئی ایم ایف کی ایماء پر اسٹیٹ بنک ترمیمی بل کو عجلت میں پاس کیا گیا، مشتاق خان

28 Jan 2022 23:12

پشاور سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ اس بل کے پاس ہونے سے پاکستان کا اسٹیٹ بنک مکمل طور پر IMF کے اختیار میں چلا جائے گا اور حکومت پاکستان کا اس پر کوئی اختیار نہیں ہوگا، یوں یہ بل پاکستان کی نیو کلئیر صلاحیت اور معاشی خود مختاری کے لئے خطرہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایماء پر آج ایوان بالا سینیٹ آف پاکستان نے اسٹیٹ بنک ترمیمی بل کو عجلت میں پاس کر دیا، اس بل کے حوالہ سے میری سات ترامیم ایجنڈے پر تھیں اور ان ترامیم کے حوالے سے اراکین سینیٹ کو مطلع کر دیا گیا تھا لیکن ایوان میں آج میری ترامیم پر بحث کیے بغیر اس شرمناک بل کو حکمران جماعت نے عجلت میں پاس کر دیا۔ آج کا دن سینیٹ آف پاکستان کے لئے بلیک ڈے تھا، جس میں IMF کی ایماء پر پاکستان کے معاشی سقوط کا بل پاس کیا گیا، اس بل کے نتیجے میں پاکستان کی معاشی خود مختاری ختم ہوجائے گی اور یہ پاکستان کی نیوکلئیر صلاحیت کیلئے ایک بہت بڑا خطرہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے جمعہ کے روز مرکز اسلامی پشاور سے اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کے پاس ہونے سے پاکستان کا اسٹیٹ بنک مکمل طور پر IMF کے اختیار میں چلا جائے گا اور حکومت پاکستان کا اس پر کوئی اختیار نہیں ہوگا، یوں یہ بل پاکستان کی نیو کلئیر صلاحیت اور معاشی خود مختاری کے لئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخ میں میر صادق اور میر جعفر کے کردار کو پھر سے تازہ کر دیا ہے، آج کے اس ماوارئے دستور قانون کے نتیجہ میں قائد اور اقبال کی روح بھی تڑپ رہی ہو گی اور شہدائے پاکستان کی روحیں بھی تڑپ رہی ہوں گی۔ جس طرح حکومت نے ایک ارب ڈالرز کے عوض اسٹیٹ بنک آف پاکستان کو آئی ایم ایف کے اختیار میں دے دیا اس بل کے نتیجے میں حکومت نے پاکستان کی معاشی خودمختاری آئی ایم ایف کے حوالے کردی۔ اس بل کا ڈرافٹ یہاں نہیں بلکہ امریکہ میں تیار ہوا تھا، امریکہ سے تیار شدہ بل تحریک انصاف کی حکومت کے حوالے کردیا گیا تھا جو کہ حکومت نے پہلے قومی اسمبلی سے اور اب سینٹ آف پاکستان سے پاس کیا۔ سینٹ میں آج اس شرمناک بل پر پہلی خواندگی میں 43،43 ووٹوں کے ساتھ برابر تھے لیکن چیئرمین سینٹ نے اپنا ووٹ اس بل کے حق میں استعمال کیا، جس پر اپوزیشن نے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا اور دوسری خواندگی میں اپوزیشن جماعتوں نے بھی غیر حاضر رہ کر حکومت کے سہولت کار کا شرم ناک کردار ادا کیا۔


خبر کا کوڈ: 976067

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/976067/آئی-ایم-ایف-کی-ایماء-پر-اسٹیٹ-بنک-ترمیمی-بل-کو-عجلت-میں-پاس-کیا-گیا-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org