QR CodeQR Code

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کور ہیڈ کواٹرز لاہور کا دورہ، تعلیمی اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقات

29 Jan 2022 09:42

لاہور میں تعلیمی اداروں کے چانسلرز اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت، پرعزم اور کاروباری سوچ کے حامل ہیں، ان نوجوانوں کو موقع اور سازگار ماحول ملے تو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں لاہور کور کی فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف سے لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں جامعہ لمز، ایف سی یو، یو ای ٹی، ایل ایس ای، پنجاب یونیورسٹی اور جی سی یو کے وائس چانسلرز، اساتذہ اور طلبہ نے ملاقات کی۔ طویل سیشن کے دوران اساتذہ اور طلبہ نے کئی سوالات کیے اور بات چیت کو مثبت قرار دیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے مستقبل کی قیادت اور مفید شہریوں کی تیاری میں تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، صنعت اور ماحولیات کے شعبے میں ہیومن ریسورس کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرونی مفادات کے تحت غلط معلومات کا پھیلاؤ معاشرے میں غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے، جو کہ معاشرے کی ہم آہنگی کیلئے خطرہ ہے، ہمیں دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے متحد رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان انتہائی باصلاحیت، پرعزم اور کاروباری سوچ کے حامل ہیں، ان نوجوانوں کو موقع اور سازگار ماحول ملے تو ملک کو ترقی و خوشحالی کی طرف لے جائیں گے۔ اس موقع پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل محمد عبدالعزیز بھی آرمی چیف کے ساتھ موجود تھے۔

 


خبر کا کوڈ: 976113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/976113/جنرل-قمر-جاوید-باجوہ-کا-کور-ہیڈ-کواٹرز-لاہور-دورہ-تعلیمی-اداروں-کے-سربراہان-سے-بھی-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org