QR CodeQR Code

امریکی مداخلت کے خاتمے کے ذریعے ہی ملک کو بحران سے نکالا جاسکتا ہے، محمد حسین محنتی

11 Sep 2011 02:42

اسلام ٹائمز:جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے کہا ہے کہ آج ملک کی معیشت کی زبوں حالی ہو یا امن و امان کی ابتر صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے باہر آکر ہی ہم پاکستان کو بحران سے نکال سکتے ہیں


کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے امریکا کی ایک دھمکی پر پورا ملک امریکا کے حوالے کردیا تھا اور موجودہ حکمرانوں نے پرویز مشرف کی اس امریکا نواز پالیسیوں کو جاری رکھ کر پورے ملک کی سلامتی اور خود مختاری کو داؤ پر لگا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے واقعہ کے بعد امریکا نے ایک نئی دنیا تخلیق کی ہے، جس میں دہشت گردی کو مسلمانوں سے نتھی کردیا گیا ہے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے مسلمانوں کو دہشت گرد باور کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کا واقعہ امریکا کا ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا کہ اس کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف مہم چلائی جاسکے اور مسلم دنیا کے وسائل پر قبضہ کیا جاسکے۔ امت مسلمہ کے وسائل پر قبضے کیلئے امریکا نے جھوٹا ڈرامہ رچایا تھا جسے آج تک ثابت نہیں کیا جا سکا۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح نائن الیون کے واقعہ کی ذمہ داری اسامہ بن لادن پر ڈال کر افغانستان کی آزادی اور خودمختاری کو پامال کیا گیا اسی طرح بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کی تیاری کا الزام عائد کرکے عراق کو تباہ کیا گیا مگر امریکا کے دونوں الزامات جھوٹ ثابت ہوئے اور یہ بات کھل کر سامنے آگئی کہ امریکا مسلمانوں کے وسائل پرقبضہ کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے ڈرامے کے دس سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی نے جس طرح احتجاج کا اعلان کیا ہے وہ وقت کی اولین ضرورت ہے کیونکہ امریکی مداخلت ہی کی وجہ سے پاکستان کو داخلی اور خارجی سطح پر خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی معیشت کی زبوں حالی ہو یا امن و امان کی ابتر صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے باہر آکر ہی ہم پاکستان کو بحران سے نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ 11 ستمبر کی ریلی میں بڑی تعداد میں شریک ہوں۔


خبر کا کوڈ: 97863

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/97863/امریکی-مداخلت-کے-خاتمے-ذریعے-ہی-ملک-کو-بحران-سے-نکالا-جاسکتا-ہے-محمد-حسین-محنتی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org