0
Monday 12 Sep 2011 00:02

چودھری نثار علی کے بیوی بچے امریکی شہری ہیں، وکی لیکس

چودھری نثار علی کے بیوی بچے امریکی شہری ہیں، وکی لیکس
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وکی لیکس کے جاری کردہ امریکی مراسلے میں انکشاف کیا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی کے بیوی بچوں کے پاس امریکی شہریت ہے۔ انہوں نے عوام کی نظر میں اپنی ساکھ بچانے کے لئے اسلام آباد کے بجائے لندن میں امریکی سفارت خانے سے اپنی بیٹی کے پاسپورٹ کی تجدید کرائی تھی۔ 19ستمبر 2008ء کو امریکی سفیر این پیٹر سن نے سفارتی مراسلہ واشنگٹن بھیجا جو چودھری نثار کے ساتھ ان کی ملاقات کی تفصیل پر مشتمل ہے۔ مراسلے کے مطابق چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے استعفے کے بعد سویلین حکومت کے تحت امریکا اور پاکستان کے لئے مل کر کام کرنے کی مزید گنجائش پیدا ہونی چاہئے۔ انہوں نے پچھلے کچھ ہفتوں کے دوران ہونے والے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے زور دیا کہ امریکا اور پاکستان کو تعلقات میں بہتری کا راستہ تلاش کرنا چاہئے۔ مراسلے کے مطابق ہمیشہ کی طرح چودھری نثار نے اس بات پر اصرار کیا کہ مسلم لیگ ن اور وہ خود امریکا کے حامی ہیں، ان کی بیوی اور بچے امریکی ہیں۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ اپنی بیٹی کے پاسپورٹ کی تجدید کرانے لندن میں امریکی سفارت خانے گئے تھے کیونکہ وہ نہیں چاہتے کہ انہیں اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں دیکھا جائے۔
مراسلے کے مطابق چودھری نثار نے کہا کہ وہ عید کی چھٹیوں کے بعد پاکستان میں امریکی مخالفت کو کم کرنے کے لئے بعض تجاویز پیش کریں گے۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت جتنی طاقت ور ہے انہوں نے پچیس سال میں اتنی طاقت ور پاکستانی حکومت نہیں دیکھی۔ صدر ، وزیر اعظم ، تین صوبائی اسمبلیاں اور چاروں گورنر اس کے ہیں، آرمی چیف کا رویہ بھی دوستانہ ہے اور عدلیہ بھی نرم گوشہ رکھتی ہے۔ مراسلے کے آخر میں امریکی سفیر این پیٹر سن نے تبصرہ کیا کہ اگر شریف برادران کو نااہل قرار دیا گیا تو چودھری نثار وزارت عظمیٰ کے لئے امیدوار بنتے نظر آرہے ہیں۔ این پیٹر سن نے لکھا کہ چودھری نثار دل سے قوم پرست ہیں اور ایک اچھے اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔ امریکی سفیر نے اپنی حکومت کو مشورہ دیا کہ مناسب موقع پر چودھری نثار کو واشنگٹن مدعو کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 98068
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش