0
Monday 12 Sep 2011 06:38

9/11 کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 35 ہزار جانوں کی قربانی، 68 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، پاکستان

9/11 کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 35 ہزار جانوں کی قربانی، 68 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، پاکستان
نیویارک/اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستانی دفتر خارجہ نے 11 ستمبر 2001ء کے دہشت گرد حملوں میں امریکا میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 ستمبر 2001 ء میں امریکا پر ہونیوالوں کے حملوں کے بعد سے دہشتگردوں کیخلاف شروع کی گئی جنگ میں پاکستان 35ہزار جانوں کی قربانی دے چکا ہے، پاکستان خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے، نائن الیون کے حملوں میں ہونے والے جانی نقصان پر امریکا اور دنیا کے غم میں برابر کے شریک ہیں، عسکریت پسندی کے خاتمے کے اپنے عزم پر قائم رہیں گے۔ علاوہ ازیں امریکی اخبار میں پاکستان کی جانب سے امریکی عوام کیلئے اپنے پیغام میں پاکستان نے کہا کہ 18کروڑ پاکستانی عوام 2001ء سے دنیا کی 7 ارب آبادی کے مستقبل کیلئے لڑ رہی ہے، پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 35 ہزار جانوں کی صورت میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی اور محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی رہنما سے محروم ہونا پڑا، دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں 35لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے اور ملک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 68ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کو امریکا میں نائن الیون کی دسویں برسی کے موقع پر پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 11 ستمبر 2001 ء میں امریکا پر ہونیوالوں حملوں کے بعد سے دہشت گردوں کیخلاف شروع کی گئی جنگ میں پاکستان 35ہزار جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان 11ستمبر کو ہونے والے جانی نقصان پر امریکا اور دنیا کے غم میں برابر کا شریک ہے اور ان کے ساتھ ہے اور وہ خود بھی دہشت گردی کا شکار ہے۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنے عزم پر قائم رہیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ آج کے دن عالمی برادری بھی تحمل، انسانیت، بھائی چارے اور دوستی کے نظریات کو قائم رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرے۔ علاوہ ازیں معروف امریکی اخبار ” دی وال اسٹریٹ جرنل “ میں شائع ہونے والے پیغام میں پاکستانی حکومت نے کہا ہے کہ 18 کروڑ عوام پر مشتمل قوم 2001ء سے دنیا کی 7ارب آبادی کے مستقبل کیلئے لڑ رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی تصویر کے ساتھ نصف صفحہ کا پیغام امریکا میں 11ستمبر سانحہ کے 10سال مکمل ہونے پر شائع ہوا۔ پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 35 ہزار جانوں کی صورت میں بھاری قیمت ادا کرنا پڑی اور محترمہ بے نظیر بھٹو جیسی رہنما سے محروم ہونا پڑا۔ پاکستانی حکومت کے پیغام میں امریکی عوام کو ان حقائق اور اقدامات سے آگاہ کیا گیا ہے جو دنیا میں امن واستحکام کے قیام کیلئے پاکستان نے کئے ہیں، پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے سیکیورٹی اداروں اور عوام نے دنیا کو ایک محفوظ جگہ بنانے کیلئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں 35لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے اور ملک کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 68ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ امریکیوں کے نام پیغام میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی قوم کی قربانیوں کو اعدادو شمار میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ پاکستان عالمی امن کیلئے شامل جنگ ہے جس کیلئے 2لاکھ فوجی جوان محاذوں پر تعینات ہیں جبکہ 90ہزار فوجی افغان سرحد پر عسکریت پسندوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 98106
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش