0
Saturday 15 Aug 2009 11:27

بے توقیری کی بریانی سے عزت کی دال روٹی بہتر ہے،شہباز شریف

بے توقیری کی بریانی سے عزت کی دال روٹی بہتر ہے،شہباز شریف
 لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر ہمیں یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ اغیار کے ٹکڑوں پر پلنے کے بجائے اپنے وسائل میں رہ کر جینا ہے اور سادگی کو اپنا کر ملک کو عظیم تر بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صرف اشرافیہ کا نہیں بلکہ 17 کروڑ عوام کا ملک ہے اور آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے پاکستان کے لئے وہ کچھ کر جائیں کہ جس پر آنے والی نسلیں ہم پر فخر کر سکیں۔ شاہی قلعہ کے باہر حضوری باغ میں وزیر اعلیٰ نے یوم آزادی کے موقع پر میٹرک کے امتحان میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے دو طلباء کے ساتھ مل کر پرچم کشائی کی۔ صوبائی وزراء،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،سٹی ڈسٹرکٹ ناظم،اعلیٰ سرکاری افسران،اساتذہ،دانشور،طلباء و طالبات کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے ہوئے کہا گزشتہ 62 برسوں میں ہماری کامیابیاں کم اور ناکامیاں زیادہ ہیں۔ بے شک تمام تر مشکلات کے باوجود ہم ایٹمی ملک بن گئے لیکن اگر ہم نے بیرونی امداد پر زندہ رہنے کی پالیسی نہ بدلی تو دشمن خدانخواستہ ہماری ایٹمی قوت کا خاتمہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اغیار کی مدد سے ملک کبھی خوشحال و توانا نہیں ہوتے بلکہ ہمیں اپنے زور بازو اور ذہانت سے ہی ملک کو عظیم اسلامی،فلاحی اور جمہوری مملکت بنانا ہو گا۔ ہمیں غیروں کے سامنے کشکول اٹھا کر بھیک مانگنے اور ان کا دست نگر بننے کی بجائے تعلیم،سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں کو فروغ دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بے توقیری کی بریانی سے عزت کی دال روٹی بہتر ہے۔اس لئے ہمیں اغیار کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے وسائل کے اندر رہنے کی عادت اپنانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 62 سال گزرنے کے باوجود بھی ہم منزل سے کوسوں دور ہیں اور ملک کو آج بھی بحرانوں کا سامنا ہے۔ سانحہ گوجرہ پاکستان کی بدنامی کا باعث بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ علماء سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ معاشرے میں صبر و تحمل،رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور جدید علوم سے استفادہ کر کے قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اگرچہ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی بہہ گیا ہے لیکن مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہم محنت،لگن اور جذبے سے کام کر کے اپنی ناکامیوں کو کامیابیوں میں بدل دیں گے۔ مذید براں وزیراعلی نے جمعہ کی صبح شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ علاوہ ازیں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جشن آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ اربوں ڈالر کی غیر ملکی امداد کے باوجود پاکستان میں غربت بڑھ رہی ہے کیونکہ قوم اپنی حقیقی پوٹینشل کو بروئے کار نہیں لا سکی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے باسٹھ برس بعد اب اِس امر پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم نے بانی پاکستان کے کتنے مقاصد کو پورا کیا۔ ملک وسائل سے مالا مال ہے مگر ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ ہمیں غربت کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھانا چاہئیں تاکہ غریب بھی آزادی کے ثمرات سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر محمد علی میاں کو انکی خدمات پر گولڈ میڈل دیا ۔ علاوہ ازیں ایوان وزیر اعلیٰ میں شہباز شریف سے برطانوی رکن پارلیمنٹ چودھری سرور نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر کا کوڈ : 9830
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش