0
Tuesday 13 Sep 2011 13:10

پاراچنار، راستوں کی دوبارہ بندش کے خلاف مظاہرے اور دھرنے

پاراچنار، راستوں کی دوبارہ بندش کے خلاف مظاہرے اور دھرنے
پاراچنار:اسلام ٹائمز۔ پاراچنار کے سینکڑوں طلباء نے ٹل پارا چنار روڈ کی بندش اور پارا چنار سے ملک کے دیگر شہروں تک سفری سہولیات مہیا نہ ہونے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گزشتہ روز سینکڑوں طلباء شہید پارک کے پاس پی اے چوک میں جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین ٹل پارا چنار روڈ کی بندش کے سبب C-130 اور ہیلی کاپٹر سروس مہیا کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، انہوں نے اعلان کیا کہ مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج جاری رکھا جائیگا۔
ابنا کے مطابق مظاہرین مطالبہ کررہے تھے کہ حکومت پاراچنار کے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ مقررین نے کہا کہ شرپسند عناصر جو  آپریشن کلین اپ کے خوف سے روپوش ہو گئے تھے۔ آپریشن کے غیر موثر ہونے کی بنا پر دوبارہ منظر عام پر آکر علاقے میں امن و امان کے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی کی نگرانی میں جو ہفتہ وار کاروان (کانوائے)  ٹل پاراچنار روڈ سے گزرتے تھے، دہشت گردوں نے انہیں بھی للکار کر در اصل حکومتی عملداری کو کھلے عام چیلنج کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں پاراچنار کے لوگ سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں اور انہوں نے ٹل پاراچنار روڈ پر حکومتی کنٹرول پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ انہوں نے مین روڈ پر ایف سی کی نگرانی کے باوجود مسلسل دہشت گردی کے واقعات پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ اس روڈ پر سفر نہیں کریں گے۔ لہذا حکومت فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر سروس، نیز فوج کی نگرانی میں C-130 طیارے چلانے کا بندوبست کریں۔
واضح رہے، اس وقت پاراچنار کے لوگ علاقے میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ علاقے کے مکینوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ کسی کا ویزہ ختم ہو رہا ہے۔ جو عید کی چھٹیوں میں اپنے علاقوں میں آئے تھے انہیں واپس اپنی تعلیمی درس گاہوں میں جانا ہے حتیٰ وہ سرکاری ملازمین جو عید گزارنے اپنے علاقوں میں گئے تھے وہ ابھی تک اپنی ڈیوٹیوں پر واپس نہیں جا سکے لہٰذا یہ صورتحال علاقے کے مکینوں کے لیے ناقابل برداشت ہے اور کانوائے متاثر ہونے کی وجہ سے روزمرہ اشیاء کی قلت بھی ہوتی جا رہی ہے اور ان کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 98430
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش