0
Tuesday 13 Sep 2011 22:44

کابل میں افغان طالبان کا نیٹو ہیڈ کوارٹرز اور امریکی سفارتخانے کے قریب حملہ

کابل میں افغان طالبان کا نیٹو ہیڈ کوارٹرز اور امریکی سفارتخانے کے قریب حملہ
کابل:اسلام ٹائمز۔۔ افغان دارالحکومت کابل میں طالبان نے اتحادی افواج کے ہیڈکوارٹر اور امریکی سفارت خانے کے قریب حملہ کر دیا۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے، ایک سینیئر افغان پولیس افسر نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ پانچ مسلح خودکش حملہ آوروں نے کابل کے وسط میں حملہ کیا ہے۔ فائرنگ کی زد میں آ کر چار شہری زخمی ہو گئے،ان کو ہسپتال پہنچایا گیا ہے۔ افغان پولیس کے مطابق دوپہر ایک بجے کے قریب کابل کے ڈپلومیٹک ڈسٹرکٹ میں مسلح افراد نے دو دھماکوں کے بعد فائرنگ شروع کر دی۔ مسلح افراد نے ایک زیر تعمیر عمارت پر قبضہ کر کے امریکی سفارتخانے کی جانب راکٹ فائر کرنا شروع کر دیئے۔ دوسری جانب نیٹو ترجمان کے مطابق ایساف فورس کے ہیڈ کوارٹر پر بھی فائرنگ کی گئی۔ ادھر ترجمان طالبان ذبیح اللہ نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے نام ایک پیغام میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ نے کہا کہ ان کے خودکش حملہ آوروں نے مقامی اور غیر ملکی انٹیلی جنس دفاتر اور وزارت کو نشانہ بنایا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دن کے ایک بجے پہلے دھماکے سنے گئے۔ جس کے بعد زبردست فائرنگ سے فضا گونج اٹھی۔ اس وقت بھی مسلح افراد نے قریب واقع زیر تعمیر اونچی عمارتوں پر پوزیشنیں سنبھالی ہوئی ہیں اور مقابلہ جاری ہے۔ اتحادی فوج کے ترجمان نے طالبان کے اس حملے کی تصدیق کی ہے۔
 
  



خبر کا کوڈ : 98557
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش