QR CodeQR Code

مسلم ممالک مسجد اقصی کو نابودی سے بچانے کیلئے موثر اقدام انجام دیں، شیخ حامد البیتاوی

14 Sep 2011 00:22

اسلام ٹائمز: انجمن علمائے فلسطین کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصی اسرائیل کی جانب سے اسکے نیچے کھدائی کے باعث شدید خطرات سے دوچار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق انجمن علمائے فلسطین کے سربراہ شیخ حامد البیتاوی نے فلسطینی قوم، مسلمانان عالم اور عرب ممالک سے مسجد اقصی کو درپیش خطرات کا بھرپور انداز میں مقابلہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کرانہ باختری میں فلسطینی اتھارٹی سے بھی مطالبہ کیا کہ اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم کے ساتھ امن مذاکرات اور سکورٹی ہمکاری کو ختم کرے اور اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس کو اسرائیل کا مقابلہ کرنے میں آزاد چھوڑے۔
شیخ حامد البیتاوی نے تاکید کی کہ اسرائیل نے 1967 میں فلسطین پر قبضہ کرنے کے بعد سے لیکر اب تک منصوبہ بندی کے ذریعے بیت المقدس کو یہودیانے کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں اور مسجد اقصی کے نیچے کھدائی میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے مسجد اقصی کے نیچے کھدائی کے باعث مسجد کی دیواروں اور ستونوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں اور شہید ہونے کے قریب ہے۔
انجمن علمائے فلسطین کے سربراہ نے کہا کہ غاصب صہیونیستی رژیم مصنوعی زلزلے کے ذریعے مسجد اقصی کو مسمار کرنے اور اسکی جگہ یہودیوں کا معبد تعمیر کرنے کی مذموم سازش بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے کرانہ باختری میں دیوار بنا کر قدس شریف کو ہر طرف سے گھیر لیا ہے اور اس طرح اس مقدس شہر کو عرب مسلمانوں سے خالی کروا رہا ہے۔ شیخ حامد بیتاوی نے کہا کہ اسرائیل کرانہ باختری کے مسلمانوں کو مسجد اقصی جا کر نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دیتا جبکہ صہیونیست بستی نشینوں کو مسجد اقصی کے صحن تک جانے اور مسجد کی توہین کرنے کی کھلی اجازت دی گئی ہے۔
شیخ حامد البیتاوی نے ملت فلسطین اور عرب و اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ سب متحد ہو کر مسجد اقصی کے حق میں مظاہرے کریں اور اپنی حکومتوں کو اسرائیل کے خلاف شجاعانہ موقف اختیار کرنے پر مجبور کریں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک میں اسرائیلی سفارتخانوں کی کوئی گنجائش نہیں۔


خبر کا کوڈ: 98598

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/98598/مسلم-ممالک-مسجد-اقصی-کو-نابودی-سے-بچانے-کیلئے-موثر-اقدام-انجام-دیں-شیخ-حامد-البیتاوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org