0
Sunday 16 Aug 2009 09:37

قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، فوج مشرف کے خلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں، وزیراعظم گیلانی

قانون اپنا راستہ خود بنائے گا، فوج مشرف کے خلاف کارروائی میں رکاوٹ نہیں، وزیراعظم گیلانی
لاہور،شیخوپورہ:وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ فوج کا پرویز مشرف کے خلاف کارروائی سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی وہ مشرف کے خلاف ٹرائل میں رکاوٹ ہے،ہمیں بھی سابق صدر (پرویز مشرف) سے کوئی محبت نہیں کہ ہم ان کیخلاف کارروائی نہ کریں،ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ قانون کرے گا،توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں،بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں،کمزور معیشت سمیت کئی مسائل ورثے میں ملے۔ وہ گذشتہ روز شیخوپورہ میں نجی پاور پلانٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا نیشنل فنانس کمیشن تشکیل دیدیا گیا۔ وزیر خزانہ اس کے سربراہ ہیں،جس قدر جلد ممکن ہوا،این ایف سی ایوارڈ کا اعلان کر دیا جائے گا۔ لاہور ہائیکورٹ کے حوالے سے وزیراعلیٰ کی طرف سے گورنر کے رویّے کے متعلق خبروں پر وزیراعظم نے کہا ایسی کوئی بات میرے علم میں نہیں۔ انہوں نے کہا سوات میں بڑے علاقے پر کنٹرول حاصل کرلیا گیا ہے۔ اِکا دُکا مسائل کے لئے فوج وہاں رہے گی جبکہ مجموعی طور پر حالات بہتر ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا ملک میں بجلی کے حالیہ بحران سے عوام ڈپریشن میں مبتلا ہو گئے ہیں جبکہ انڈسٹری بہت متاثر ہوئی ہے۔ ملک کو مجموعی طور پر بجلی کی 3500میگاواٹ قلت کا سامنا ہے۔ اس سلسلے میں حکومت فاسٹ ٹریک منصوبوں پر کام کر رہی ہے جبکہ اس مسئلہ کا فوری حل رینٹل پاور منصوبے ہیں جو 6ماہ کے اندر تنصیب مکمل کر کے پیداوار شروع کر دیں گے۔ تاہم حکومت ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کرے گی، جس کے بارے میں تفصیلی اسٹڈی نہ ہوئی ہو۔ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو درپیش اس تکلیف کو جلد از جلد رفع کریں۔ بجلی کے بحران کو ختم کرنے کے لئے کول اور ہائیڈل کے طویل المدت منصوبے بھی تیار کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہماری حکومت کو برسراقتدار آتے ہی دہشتگردی،انتہاپسندی،گندم،آٹے اور بجلی سمیت کئی بحرانوں کا سامنا تھا، جن پر آہستہ آہستہ قابو پا رہے ہیں۔ اب بجلی کا بحران بھی ختم ہو جائے گا ۔ مخالفین کے پاس یہ ایشو نہ رہے گا تو وہ کوئی اور ایشو بنالیں گے۔ وزیراعظم نے کہا پاور سیکٹر میں اب تک 3ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ یہ حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار ہے۔ ملک میں اندرونی اور بیرونی دہشت گردی کے باوجود ہماری کمٹمنٹ ہے کہ ہم تمام سیاسی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے اور مفاہمت کی پالیسی جاری رکھیں گے۔ ہم درپیش بحرانوں پر جلد قابو پالیں گے۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ حکومت بجلی کا بحران ختم کرنے کے لئے اس شعبہ میں 400ملین روپے خرچ کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں تھرمل کے علاوہ متبادل ذرائع بھی بروئے کار لا رہے ہیں جس میں کوئلہ کے منصوبے سرفہرست ہیں۔ کوئلے سے ہم آئندہ 3برس کے لئے ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اس وقت رینٹل پاور کے 11منصوبے تیزی سے مکمل ہو رہے ہیں اور ہم لوڈشیڈنگ کے دسمبر تک خاتمہ کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔



خبر کا کوڈ : 9862
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش