0
Wednesday 14 Sep 2011 02:22

دنیا کی مظلوم اقوام انقلاب اسلامی سے سبق حاصل کرکے دنیا میں عالمی استعمار کو رسوا کر رہی ہیں، ایم ڈبلیو ایم

دنیا کی مظلوم اقوام انقلاب اسلامی سے سبق حاصل کرکے دنیا میں عالمی استعمار کو رسوا کر رہی ہیں، ایم ڈبلیو ایم
کراچی:اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کراچی ڈویژن ضلع ملیر کا جنرل باڈی اجلاس ڈسٹرکٹ سیکرٹریٹ المصطفیٰ ہاؤس جعفر طیار سوسائٹی میں ضلعی سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم ملیر سید سجاد اکبر زیدی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے تمام یونٹس، آرگنائزنگ کمیٹیز، رابطہ کمیٹیز کے ذمہ داران کے علاوہ اراکین ضلعی کابینہ اور خصوصی طور پر ڈویژنل اراکین کابینہ نے شرکت کی۔ اجلاس سے دانشور حسین رضوی، سجاد اکبر زیدی، مولانا جاوید علی جعفری، مولانا فدا علی مفکری و دیگر نے خطاب کیا۔ حسین رضوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ملت تشیع کی پستی اور زوال کا بنیادی سبب غدیر، عاشوراء اور انتظار فرج سے دوری کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسفہ غدیر و پیغام عاشوراء اور فلسفہ نہضت انتظار میں وہ راز پنہاں ہے کہ جس سے آگاہی کے سبب تشیع نے ایران سے عالمی استعمار امریکہ و اسرائیل کو ذلیل و خوار کرکے نکالا اور ایک ایسا اسلامی انقلاب برپا کیا کہ آج اس کے اثرات ہم پوری دنیا میں دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح دنیا کی مظلوم اقوام انقلاب امام حسین کے پرتو انقلاب اسلامی ایران سے سبق حاصل کرکے دنیا میں عالمی استعمار کو ذلیل کر رہے ہیں اور انکے منحوس پنجے سے نکلنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ملت تشیع پاکستان بھی فلسفہ غدیر و پیغام عاشوراء پر عمل پیرا ہوتے ہوئے فلسفہ نہضت انتظار کے تحت جدوجہد کرے تاکہ سربلندی و سرفرازی حاصل کر سکے اور مملکت خداد پاکستان کو مضبوط بناتے ہوئے یہاں سے بھی عالمی استعمار کو نکال باہر کرے اور ملک دشمن استعماری ایجنٹوں کو شکست سے دوچار کرے۔
سجاد اکبر زیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے آپ کو خود سازی کے عمل سے گزارتے ہوئے الہٰی معاشرہ سازی کے لئے اپنی کوششوں کو بہت تیز کرنا ہوگا کیونکہ ایک طرف تو عالمی استعمار پاکستانی معاشرہ میں فحاشی، غیر اسلامی افکار کی ترویج میں مصروف ہے اور دوسری طرف موجودہ ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان میں فرقہ واریت کو ہوا دے رہا ہے تاکہ پاکستانی عوام کی نظریں اپنی ناپاک سازشوں سے ہٹا سکے اور انہیں مذہب سے بدظن کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملت تشیع پاکستان کو آگے بڑھ کر پاکستان کو موجودہ بحران سے نکالنے کیلئے، اتحاد بین المسلین کو فروغ دیتے ہوئے استعمار اور اسکے مقامی ایجنٹوں کی فرقہ واریت پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے پہلے سے زیادہ اہم کردار ادا کرنا ہوگا اور انہیں مقاصد کے حصول اور ملت تشیع پاکستان کے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان جدوجہد میں مصروف عمل ہے اور انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب سنی شیعہ مسلمان مل کے استعمار کی فروغِ غیر اسلامی افکار اور فرقہ واریت کی سازشوں کا خاتمہ کردیں گے۔
خبر کا کوڈ : 98638
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش