0
Thursday 7 Apr 2022 23:11

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، علامہ ساجد علی نقوی

ڈپٹی اسپیکر رولنگ کیس، سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے، علامہ ساجد علی نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے اسپیکر رولنگ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس تاریخی فیصلہ سے ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو فروغ حاصل ہوگا اور ملکی نظام دوبارہ پٹڑی پر آسکے گا۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے پانچ رکنی لارجر بینچ کی جانب سے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیئے جانے اور اس کے نتیجے میں قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے جیسے اقدامات کو مسترد کرنے کے فیصلے پر اظہار خیال کرتے ہوئے علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ آئین کی روح سے کیے گئے فیصلوں سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوتا ہے اور حالیہ فیصلہ آئین کی بہتر تشریح کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی مطالبہ کرچکے تھے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے آئین کی بہتر اور واضح انداز میں تشریح ہونی چاہیئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ماتحت عدالتوں کے لیے یہ فیصلہ مشعل راہ ثابت ہوگا اور عدلیہ میں ایسے مقدمات جو واضح آئینی بالادستی کے متقاضی ہیں اور التوا کا شکار ہیں، کے فیصلے بھی اسی طرح آئینی بالادستی کو یقینی بناتے ہوئے کیے جائیں گے۔ علامہ ساجد علی نقوی نے حکومت اور اپوزیشن دونوں کو مشورہ دیا کہ وہ ملکی نظام کو آئین کی روح کے عین مطابق چلائیں اور مثبت و اخلاقی سیاسی کلچر کو فروغ دے کر اختلاف برائے اختلاف کی بجائے اختلاف برائے تعمیر کی سیاست کو فروغ دیں۔
خبر کا کوڈ : 987941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش