0
Thursday 15 Sep 2011 15:30

پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ دہشتگردی کیخلاف نام نہاد جنگ سے ہے، کبھی بھیک مانگی ہے نہ اپنے عوام کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے دونگا، عمران خان

پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ دہشتگردی کیخلاف نام نہاد جنگ سے ہے، کبھی بھیک مانگی ہے نہ اپنے عوام کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے دونگا، عمران خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کا حکمرانوں سے اعتماد مکمل طور پر اٹھ چکا ہے، وہ آئندہ الیکشن میں سیاستدانوں کے روپ میں چھپے لٹیروں کو اپنے مینڈیٹ کا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں دینگے، ہم مستقبل کی سیاسی قیادت نوجوانوں کے ہاتھ میں دینگے، پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی کیخلاف جاری نام نہاد جنگ سے ہے، جس میں ہر ملک دشمن کو کھل کھیلنے کا موقع مل رہا ہے، جن حکمرانوں کے پاسپورٹ اور شہریت باہر کی ہو انہیں ملک و قوم کا کیا درد ہو گا۔ عوام سیلاب، ڈینگی، مہنگائی، کرپشن، لاقانونیت اور بے روز گاری میں ڈوب رہے ہیں، کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں ایک لاکھ 40 ہزار فوج صرف اس کام پر لگا دی گئی ہے، اس جنگ کے دوران اب تک 35000 پاکستانی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں ملک کو 70 ارب کا نقصان پہنچا ہے مگر اس کے بدلے پاکستان کو جو 20 ارب روپے ملے ہیں انکا کا کوئی حساب ہے نہ پوچھنے والا، توانائی کے بحران کا حل لوڈشیڈنگ نہیں بلکہ بجلی و گیس پیدا کرنے والی کمپنیوں میں بد انتظامی روکنا ہے۔ 
عمران خان نے کہا کہ نوجوان طبقہ اب اٹھائی گیر سیاستدانوں کے جھانسے میں نہیں آئیگا، ملک و قوم کی بہت بدنامی ہو چکی، اب ہم پاکستان کو دنیا کی باعزت اور خود مختار قوموں کی صف میں کھڑا کر کے دم لینگے۔ جو حکمران خود سب سے بڑے ٹیکس چور اور کرپشن میں سر تک جکڑے ہوں وہ دوسروں کا کیا احتساب کرینگے، وہ عوام سے کیسے ٹیکس وصول کرینگے۔ ہمارے حکمران باہر یا تو معاہدے کرنے جاتے ہیں یا ملک سے لوٹی گئی دولت سے معروف سٹورز کی چین”ہیرالڈ“ سے خریداری کرنے جاتے ہیں، میں محمد الفائد سے کہتا ہوں کہ وہ اپنا ایک سٹور پاکستان میں بھی کھول دیں، تاکہ ہمارے لٹیرے حکمران کم از کم ملک میں تو رہیں کیونکہ نواز شریف ہوں یا آصف علی زرداری، انہیں بیرونی دوروں سے فرصت نہیں، ملک میں دہشت گردی، مہنگائی، بے روز گاری اور غربت کی آگ لگی ہے، 50 لاکھ افراد سندھ میں سیلاب سے ڈوب چکے ہیں مگر حکمرانوں کو متاثرین سیلاب کی مدد کی بجائے میڈیا میں تصویریں بنوانے اور اشتہاری مہموں میں زیادہ دلچسپی ہے۔
 تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تبدیلی کی فضا بن چکی ہے، یہ تبدیلی تحریک انصاف لائیگی، ہم خالی خولی نعروں پر نہیں بلکہ عمل پر یقین رکھتے ہیں، ہم سب سے پہلے ملک سے ٹیکس چوری اور کرپشن کا خاتمہ کرینگے، تحریک انصاف پاکستان کو آزاد اور خود مختار ملک بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھیک مانگی ہے نہ اپنے عوام کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے دونگا، ہم خود بھوکے مر جائیں گے مگر ملک و قوم کی عزت نفس پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ تحریک انصاف بر سر اقتدار آ کر روز گار کے مواقع پیدا کرے گی، ملکی انڈسٹری کی اتنی حوصلہ افزائی کرینگے کہ لوگ باہر سے پاکستان آ کر نوکری کرینگے۔ ہم خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ مساوی حقوق دینگے، انہیں انصاف، تعلیم اور جائیداد میں پورا حق لیکر دینگے۔ میری پہلی اور آخری امید ملک کا نوجوان طبقہ ہے، وہ گھر گھر، گلی گلی اور قریہ قریہ جا کر تبدیلی اور نئے پاکستان کا پیغام دیں کیونکہ یہ جنگ آپ کے مستقبل کی ہے، اب آپ کو میرا ساتھ دینا ہو گا، تبھی ہم پاکستان کو خوشحال، خود مختار ملک اور امریکی غلامی سے نجات دلا سکتے ہیں۔
پاکستان تحر یک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا ایجنڈا ملکی خزانہ خالی کرنے کے بعد اب قوم کو ہڑپ کرنا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کا پاکستان میں دل نہیں لگتا، دونوں بھائیوں کی سیاست صرف اقتدار حاصل کر نے کے لئے ہے، میں لکھ کر دینے کو تیار ہوں، آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، پنجاب کے خادم اعلٰی صرف نام کے ہی خادم اعلٰی ہیں، آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم اور یلو کیب ٹوپی ڈرامے کے سوا کچھ نہیں، ”جاگ اٹھو“ مہم کامیاب بنانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ وہ جوہر ٹاﺅن میں ”جاگ اٹھو“ مہم کے باقاعدہ افتتاح کے موقع پر پر یس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
 اس موقع پر پنجاب کے صدر احسن رشید، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر یاسمین راشد، سیکرٹری اطلاعات عندلیب، لاہور کے صدر میاں محمود الرشید اور دیگر بھی موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے علاوہ کوئی جماعت انقلابی تبدیلی نہیں لا سکتی کیونکہ باقی سب چور لٹیرے ہیں، آئندہ انتخابات میں ایک طرف تحریک انصاف اور دوسری طرف سب چور لٹیرے ہونگے، ہم عوام کے ساتھ مل کر انہیں عبرتناک شکست دینگے۔ نواز شریف اور آصف زرداری بھاگ بھاگ کر لندن جاتے ہیں اس لئے میں نے لندن کے مشہور سٹور کے مالک کو خط لکھا ہے کہ وہ پاکستان میں بھی اپنا سٹور بنا دیں تاکہ ان مغل بادشاہوں کو لندن جانے کی ضرورت نہ رہے۔ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کا ملک کو لوٹنے اور عوام کو بے وقوف بنا کر اقتدار حاصل کرنے کا ایجنڈا ایک ہے، مگر اب ان کی دو نمبر سیاست کے خاتمے کا وقت قریب آ چکا ہے، قوم انہیں گریبانوں سے پکڑ کر ان سے حساب لے گی، آنے والا وقت پاکستان تحریک انصاف اور عوام کا ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ 
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا، ڈینگی نے انکے اصل چہرے کو قوم کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، لاہور سے مسلم لیگ ن کی سیاست کے خاتمے اور تبدیلی کی جنگ کا آغاز ہو چکا ہے، جو بھی اس کی راہ میں رکاوٹ بنے گا وہ سیاسی موت مر جا ئے گا۔ آصف زررداری اور نواز شریف کی جماعت نہیں چاہتی کہ شفاف الیکشن ہوں، عوام کو چا ہئیے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنے ووٹ کا اندارج کرائیں، تاکہ ان کی تمام سازشیں ناکام بنائی جا سکیں۔ 
دریں اثنا انصاف اسٹوڈنٹس کی جانب سے ایجوکیشن رپورٹرز کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عنقریب حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کا سونامی آنے والا ہے، جس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے برج الٹ جائینگے۔ آصف علی زرداری نے انتخابات کے لئے جو اربوں روپے اکٹھے کر رکھے ہیں انشاءاللہ ووٹر ان سے ملک کی لوٹی دولت واپس لیں گے اور ووٹ تحریک انصاف کو دینگے۔ میاں محمود الرشید، آئی ایس ایف کے وقاص افتخار، فرخ حبیب، حسان نیازی، محمد عثمان اور گلریز اقبال نے بھی شرکت کی۔ عمران خان نے کہا کہ بڑی شرم کی بات ہے کہ ملک میں سیلاب آیا ہے، غریب مر رہے ہیں صدر اور وزیراعظم بیرون ملک بڑے شاپنگ مالز میں مہنگے سے مہنگے سوٹ خریدنے کی ریس لگائے ہوئے ہیں اور نواز شریف بھی ہر وقت باہر خریدی گئی اربوں کی پراپرٹی کی دیکھ بھال کیلئے بہانوں سے باہر رہتے ہیں۔ 
دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے 20 کروڑ روپے کی رقم سے آج سے امدادی مہم شروع کرے گی، جس میں متاثرین کو راشن، خیمے سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیا مہیا کی جائیں گی اور لاہور کے شہریوں کو ڈینگی سے بچانے کے لئے کیمپ لگائے جائیں گے اور لاہور کی تمام یونین کونسلز میں 10 لاکھ روپے کا سپرے کیا جائے گا۔ یہ مہم ایک ہفتہ جاری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 98938
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش