0
Friday 16 Sep 2011 00:22

پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی کیخلاف جاری نام نہاد جنگ سے ہے، عمران خان

پاکستان کو سب سے بڑا خطرہ دہشت گردی کیخلاف جاری نام نہاد جنگ سے ہے، عمران خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ عمران خان نے ’’اسلام ٹائمز‘‘سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طبقہ اب اٹھائی گیر سیاستدانوں کے جھانسے میں نہیں آئیگا، ملک و قوم کی بہت بدنامی ہو چکی اب ہم پاکستان کو دنیا کے باعزت اور خودمختار قوموں کی صف میں کھڑا کر کے دم لینگے، جو حکمران خود سب سے بڑے ٹیکس چور اور کرپشن میں پاؤں تک جکڑے ہوں وہ دوسروں کا کیا احتساب کرینگے وہ عوام سے کیسے ٹیکس وصول کرینگے، ہمارے حکمران باہر یا تو معاہدے کرنے جاتے ہیں یا ملک سے لوٹی گئی دولت سے معروف سٹورز کی چین ’’ہیرالڈ‘‘ سے خریداری کرنے جاتے ہیں، میں محمد الفائد سے کہتا ہوں کہ وہ اپنا ایک سٹور پاکستان میں بھی کھول دیں تاکہ ہمارے لٹیرے حکمران کم از کم ملک میں تو رہیں کیونکہ نواز شریف ہوں یا آصف علی زرداری، انہیں بیرونی دوروں سے فرصت نہیں، ملک میں دہشت گردی، مہنگائی، بے روز گاری اور غربت کی آگ لگی ہے، 50 لاکھ افراد سندھ میں سیلاب سے ڈوب چکے ہیں مگر حکمرانوں کو متاثرین سیلاب کی مدد کی بجائے میڈیا میں تصویریں بنوانے اور اشتہاری مہموں میں زیادہ دلچسپی ہے، تبدیلی کی فضا بن چکی ہے، یہ تبدیلی تحریک انصاف لائیگی، ہم خالی خولی نعروں پر نہیں بلکہ عمل پر یقین رکھتے ہیں، ہم سب سے پہلے ملک سے ٹیکس چوری اور کرپشن کا خاتمہ کرینگے، تحریک انصاف پاکستان کو آزاد اور خود مختارملک بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھیک مانگی ہے نہ اپنے عوام کو کسی کے سامنے ہاتھ پھیلانے دونگا، ہم خود بھوکے مر جائیں گے مگر ملک و قوم کی عزت نفس پر سمجھوتہ نہیں کرینگے، تحریک انصاف برسر اقتدار آ کر روزگار کے مواقع پیدا کرے گی، ملکی انڈسٹری کی اتنی حوصلہ افزائی کرینگے کہ لوگ باہر سے پاکستان آکر نوکری کرینگے، ہم خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ مساوی حقوق دینگے، انہیں انصاف، تعلیم اور جائیداد میں پورا حق لیکر دینگے، میری پہلی اور آخری امید ملک کا نوجوان طبقہ ہے، وہ گھر گھر، گلی گلی اور قریہ قریہ جا کر تبدیلی اور نئے پاکستان کا پیغام دیں کیونکہ یہ جنگ آپ کے مستقبل کی ہے اب آپ کو میرا ساتھ دینا ہو گا تبھی ہم پاکستان کو خوشحال، خودمختار ملک اور امریکی غلامی سے نجات دلا سکتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کا ایجنڈا ملکی خزانہ خالی کرنے کے بعد اب قوم کو ہڑپ کر نا ہے، آصف زرداری اور نواز شریف کا پاکستان میں دل نہیں لگتا دونوں بھائیوں کی سیاست صرف اقتدار حاصل کر نے کے لئے ہے، میں لکھ کر دینے کو تیار ہوں آئندہ انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، پنجاب کے خادم اعلیٰ صرف نام کے ہی خادم اعلیٰ ہیں، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم اور یلیو کیب ٹوپی ڈرامے کے سوا کچھ نہیں ’’جاگ اٹھو‘‘ مہم کامیاب بنانے کے لئے معاشرے کے ہر فرد کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کے علاوہ کوئی جماعت انقلابی تبدیلی نہیں لا سکتی کیونکہ باقی سب چور لٹیرے ہیں آئندہ انتخابات میں ایک طرف تحریک انصاف اور دوسری طرف سب چور لٹیرے ہونگے ہم عوام کے ساتھ مل کر انہیں عبرتناک شکست دینگے۔ قوم انہیں گریبانوں سے پکڑ کر ان سے حساب لے گی، آنے والا وقت پاکستان تحریک انصاف اور عوام کا ہے، جسے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔
انہوں نے کہا پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا ڈینگی نے انکے اصل چہرے کو قو م کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، لاہور سے مسلم لیگ (ن) کی سیاست کے خاتمے اور تبدیلی کی جنگ کا آغاز ہو چکا ہے جو بھی اس کی راہ میں رکاوٹ بنے گا، وہ سیاسی موت مر جائے گا۔ آصف زررداری اور نواز شریف کی جماعت نہیں چاہتی کہ شفاف الیکشن ہوں عوام کو چاہئیے کہ وہ آگے بڑھ کر اپنے ووٹ کا اندارج کرائیں تاکہ ان کی تمام سازشیں ناکام بنائی جا سکیں۔ عمران خان نے کہا کہ عنقریب حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کا سونامی آنے والا ہے جس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے برج الٹ جائینگے۔ آصف علی زرداری نے انتخابات کے لئے جو اربوں روپے اکٹھے کر رکھے ہیں انشاء اللہ ووٹر ان سے ملک کی لوٹی دولت واپس لیں گے اور ووٹ تحریک انصاف کو دینگے۔
خبر کا کوڈ : 98979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش