0
Friday 16 Sep 2011 00:25

امریکی دھمکی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تعاون کے منافی ہے، دفتر خارجہ

امریکی دھمکی دہشتگردی کیخلاف جنگ میں تعاون کے منافی ہے، دفتر خارجہ
اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے کہا ہے کہ ہائی ویلیو ٹارگٹ کے لئے بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ انتہائی اہم ہے۔ امریکی دھمکی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تعاون کے منافی ہے۔ دفتر خارجہ نے امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کے بیان کو دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں تعاون کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے امریکا کے ساتھ تعاون کے عزم پر قائم ہیں۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کے ساتھ تعاون کے عزم پر قائم ہے۔
 ایمن الظواہری کی پاکستان میں موجودگی کے امریکی الزامات پر ان کا کہنا تھا کہ ہم بار بار کہہ چکے ہیں ہائی ویلیو ٹارگٹ کے لئے بروقت انٹیلی جنس شیئرنگ انتہائی اہم ہے، سرحد پار دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کا معاملہ افغانستان، نیٹو اور ایساف کے ساتھ اٹھایا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ لیون پینیٹا کا حالیہ بیان پاک امریکا دو طرفہ تعاون کے اصولوں کے منافی ہے۔ تہمینہ جنجوعہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سترہ سے چھبیس ستمبر تک امریکا کا دورہ کریں گی۔ پاک امریکا وزرائے خارجہ ملاقات 18 ستمبر کو نیو یارک میں ہو گی۔ حنا ربانی کھر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غیر مستقل نشست کے لئے پاکستان کی رکنیت پر لابی بھی کریں گی۔ ایک اور سوال پر تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ این ڈی ایم اے حالیہ سیلاب میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگا رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے اس حوالے سے غیر ملکی سفیروں کو بریفنگ بھی دی ہے۔
پاکستان نے کہا ہے کہ اس کی سرزمین سے مبینہ طور پر سرگرم عسکریت پسندوں کے بارے میں امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا کا تازہ بیان انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں دو طرفہ تعاون کا آئینہ دار نہیں ہے۔ جمعرات کو دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا ’’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ بیان دونوں ملکوں کے درمیان موجود تعاون سے مطابقت نہیں رکھتا۔‘‘ اُنھوں نے کہا کہ دہشت گردی اور شدت پسندی پیچیدہ معاملات ہیں جن سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ فریقین کا قریبی تعاون ضروری ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون کرتے آئے ہیں اور پاکستان چاہتا ہے کہ اس کی خود مختاری کا احترام کیا جائے۔ اُنھوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتا ہے اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں امریکہ سے تعاون جاری رکھنے پر تیار ہے۔
امریکی وزیر دفاع نے بدھ کو کہا تھا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر شدت پسند گروپ حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہو گیا ہے اور امریکہ پاکستان میں محفوظ ٹھکانے رکھنے والے ان عسکریت پسندوں کو افغانستان میں تعینات امریکی افواج پر حملے جاری رکھنے کی اجازت نہیں دے گا۔
اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ رواں ہفتے کابل کے حساس علاقے میں حملے کرنے والے جنگجوؤں کو تعلق بھی حقانی نیٹ ورک سے تھا۔ امریکہ کا موقف ہے کہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سرگرم حقانی نیٹ ورک سرحد پار افغانستان میں خصوصاً نیٹو اور افغان افواج کو نشانہ بنا رہا ہے اس لیے پاکستان ان عناصر کے خلاف کارروائی کرے۔ تاہم پاکستان کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں کی آمد و رفت کو روکنے کے لیے افغانستان کی جانب سرحد کی نگرانی کے لیے اضافی دستوں کی تعیناتی اور سرحد چوکیوں کے قیام کی ضرورت ہے۔
جمعرات کو پاکستان کا موقف دہراتے ہوئے دفتر خارجہ کی ترجمان تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ اُن کا ملک سرحد پار شدت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی کا معاملہ اُٹھاتا رہا ہے، اور اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ اس مسئلے سے باہمی تعاون کے ذریعے نمٹا جائے۔
خبر کا کوڈ : 99050
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش