QR CodeQR Code

ڈینگی تدارک، وزیراعلٰی پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی حکومت پنجاب پر کڑی تنقید

17 Sep 2011 00:23

اسلام ٹائمز:لاہور میں ہونے والے اجلاس میں اراکین صوبائی و قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وزیراعلٰی ناجائز تجاوزات گرا سکتے ہیں۔ انسانی جانوں کو بچانے کے لئے نجی لیبارٹریوں کے خلاف کیوں غفلت سے کام لے رہے ہیں۔


لاہور:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء، مشیران، منتخب نمائندے اور سیکرٹریز اپنے عہدوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ڈینگی وائرس کے خاتمے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے کارکنوں کی طرح کام کریں۔ ڈینگی وائرس کے سدباب میں نوکر شاہی کی رکاوٹوں کو ہرگز حائل نہ ہونے دیا جائے اور عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے جہاں جہاں مشینیں اور دیگر سامان دستیاب ہے بذریعہ ہوائی جہاز منگوایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ لیبارٹریاں ڈینگی وائرس کی قدرتی آفت کو منافع خوری کا موقع نہ سمجھیں۔ بلڈ ٹیسٹ کی فیس غریب عوام کی دسترس میں نہ لائی گئی تو حکومت کسی اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے خاتمے کے لئے طویل المیعاد پالیسی مرتب کی جا رہی ہے اور اس مقصد کے لئے ایک علیحدہ کیڈر قائم کیا جا رہا ہے۔ طلبا و طالبات کو ڈینگی وائرس سے بچاﺅ اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے پہلی جماعت سے نصاب میں ایک علیحد باب شامل کیا جائے۔
وزیراعلٰی نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ 
لاہور میں مختلف مقامات پر 17 ستمبر سے 8 فلٹر کلینکس کام شروع کر دیں گے، جن کے لئے جدید مشینیں کراچی سے بذریعہ ہوائی جہاز منگوائی گئی ہیں۔ سوشل سیکورٹی ہسپتال مانگا رائے ونڈ روڈ کو بھی ڈینگی بخار کے مریضوں کے لئے مختص کر دیا گیا ہے اور یہاں بہترین مشینری، تشخیصی سہولتیں اور ائیر کنڈیشنڈ بھی نصب کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بڑے ہسپتالوں میں مریضوں کے رش کی بنا پر ان ہسپتالوں کے لانوں (Lawns) میں ائیر کنڈیشنڈ کیمپ لگائے جائیں اور یہاں بھی مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈینگی وائرس کے مریضوں کے مفت علاج میں پرائیویٹ ہسپتالوں کا تعاون بھی قابل ستائش ہے، تاہم جو پرائیویٹ ہسپتال مریضوں کو مفت سہولتیں فراہم نہیں کر رہے ان کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قدرتی آفت کے دوران اپنا فرض پورا کریں اور مستحق اور غریب مریضوں کو مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے بستر مختص کریں۔
اراکین اسمبلی اور اداروں کی پرائیویٹ لیبارٹریز میں بلڈ ٹیسٹ کے ناقابل برداشت چارجز وصول کرنے کے حوالے سے توجہ دلانے پر وزیراعلٰی نے کہا کہ پرائیویٹ لیبارٹریاں اپنی ذمہ داری کا احساس کریں اور منافع کمانے کی بجائے دکھی انسانیت کی خدمت کریں۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندوں اور محکمہ صحت کے افسران پر مشتمل کمیٹی پرائیویٹ لیبز کے مالکان سے بات چیت کر کے ٹیسٹوں کے نر خ طے کرے۔ انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس ایک وبائی مرض ہے اور اس کے تدارک کے لئے مختصر و طویل المیعاد حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی میڈیکل ٹیم محکمہ صحت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، ٹیم کی فنی معاونت سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور اس کی مدد سے ماسٹر ٹرینرز تیار کئے جائیں جو کہ مستقبل میں اس وائرس کے سدباب میں اپنے فرائض بہتر طریقے سے سرانجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کو حقائق سے پوری طرح آگاہ کیا جائے اور انہیں ساتھ لے کر چلا جائے۔
میڈیا بھی عوام میں آگاہی مہم کے حوالے سے حکومت سے تعاون کرے اور ہماری کمزوریوں کی بھی نشاندہی کرے۔ انہوں نے کہا کہ نصاب میں ڈینگی وائرس کے حوالے سے باب شامل کرنا بے حد اہمیت کا حامل ہے اور سیکرٹری تعلیم اس ضمن میں فوری اقدامات کریں۔


خبر کا کوڈ: 99201

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/99201/ڈینگی-تدارک-وزیراعل-ی-پنجاب-کی-زیرصدارت-اجلاس-اراکین-قومی-صوبائی-اسمبلی-حکومت-پر-کڑی-تنقید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org