0
Saturday 17 Sep 2011 08:50

جماعت اسلامی کے زیراہتمام ڈاکٹر عافیہ صدیقی ڈے منایا گیا، لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور، سمیت ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے

جماعت اسلامی کے زیراہتمام ڈاکٹر عافیہ صدیقی ڈے منایا گیا، لاہور، اسلام آباد، ملتان، پشاور، سمیت ملک بھر میں ریلیاں اور مظاہرے
لاہور:اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر جمعہ کے روز ملک بھر میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی ڈے منایا گیا۔ لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، کوئٹہ، ملتان، حیدر آباد و دیگر اضلاع میں احتجاجی ریلیاں اور سیمینارز منعقد کیے گئے جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی اور ضلعی ذمہ داران نے خطاب کرتے ہوئے عافیہ صدیقی اور ان کے خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ظالمانہ قید کی مذمت کی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ لاہور پریس کلب کے باہر مرد و خواتین اور بچوں کا بہت بڑا مظاہرہ ہوا۔ مظاہرے کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید اپراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم اور دیگر رہنماﺅں نے کی۔ مظاہرین نے امریکہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ 
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ عافیہ صدیقی اسلام کی بیٹی ہے۔ جنرل پرویز مشرف نے بے غیرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے امریکہ کے ہاتھ بیچ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران بے حس ہو چکے ہیں وہ اپنی معصوم اور بے گناہ بیٹی کو امریکہ کی ظالمانہ قید سے رہائی دلانے میں ناکام ہو چکے ہیں، انہیں اپنے مفادات عزیز ہیں لیکن قوم بے حس نہیں ہے، وہ عافیہ صدیقی کی رہائی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس مسئلے کو زندہ رکھے گی۔ عافیہ صدیقی بہت جلد رہا ہو کر وطن واپس آئے گی۔ 
امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکہ پوری دنیا میں امن و سلامتی اور انسانی حقوق کا ٹھیکیدار بنا ہوا ہے لیکن اس نے عملاً روئے زمین پر فساد اور ظلم کو فروغ دیا ہے۔ عافیہ صدیقی کو 86 سال کی قید سنا کر اس نے یہ ثابت کیا ہے کہ امریکی عدالتوں میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ان کی عدالتیں تعصب میں مبتلا ہیں۔
ملتان میں چوک گھنٹہ گھر سے حسین آگاہی تک ریلی نکالی گئی۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان میاں مقصود احمد اور امیر ضلع پروفیسر افتخار احمد نے مظاہرین سے خطاب کیا۔ پشاور میں پریس کلب کے باہر شباب ملی اور جماعت اسلامی صوبہ خیبر پی کے کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ حیدرآباد میں نماز جمعہ کے بعد مبارک مسجد لطیف حیدرآباد کے باہر ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر ضلع شیخ شوکت علی نے کی ۔
ڈاکٹر عافیہ ڈے کے موقع پر میزان چوک کوئٹہ میں احتجاجی جلسہ ہوا، جس سے امیر جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمتین اخونزادہ اور بشیر احمد ماندئی نے خطاب کیا۔
کراچی میں ایمپریس مارکیٹ سے ریگل چوک تک ایک بہت بڑی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن، امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی اور ڈاکٹر عافیہ کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کی۔ ریگل چوک پہنچ کر ریلی جلسے کی صورت اختیار کر گئی۔ سید منور حسن نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سپاہیوں پر بندوق اٹھانے والی عافیہ کو تو آرمی چیف ہونا چاہیے تھا۔ جو کام فوج کا تھا وہ امت کی غیرت مند بیٹیاں کر رہی ہیں۔ قوم اپنی بیٹی کو بہت پہلے رہا کرا چکی ہوتی، لیکن غیرت و حمیت سے عاری اور امریکی چوکھٹ پر سجدہ ریز حکمرانوں نے بزدلی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ڈاکٹر عافیہ کو امریکی سپاہیوں پر صرف بندوق اٹھانے کے جرم میں 86 سال قید ہو سکتی ہے تو جن امریکیوں نے ہمارے ہزاروں معصوم شہریوں کا قتل عام کیا ہے، قوم سوال کرتی ہے کہ ہماری فوج اور حکمرانوں نے ان کو کیوں بچ کر جانے دیا۔ 
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج ملت اسلامیہ کی لاکھوں بیٹیاں ڈاکٹر عافیہ کی جرات پر ناز کر رہی ہیں۔ قوم اپنی بہادر اور غیرت مند بیٹی کو سلام پیش کرتی ہے۔ قوم کی بیٹیاں ڈاکٹر عافیہ کے نقش قدم پر چلنے میں فخر کرتی ہیں۔ قومی وقار کی بحالی اور آزادی کے تحفظ کے لیے قوم کی بیٹیوں کو باہر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم بہت جلد عافیہ بیٹی کی رہائی کی خوشخبری سنے گی۔
سید منور حسن نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کو ہائی جیک کر رکھا ہے۔ بڑے پیمانے پر بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کا آغاز ایم کیو ایم نے کیا اور آج اے این پی اور پیپلز پارٹی بھی شہر کو لوٹنے اور معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگنے میں ایم کیو ایم کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے۔ ہم نے جوان بیٹوں کے لاشے اٹھائے اور بہت زخم کھائے ہیں۔ لوگ انصاف ہوتا، اپنے پیاروں کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچتے اور عبرت کا نشان بنتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
الفلاح ہاﺅس اسلام آباد میں عافیہ ڈے کے موقع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی عافیہ صدیقی کی رہائی تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، بھارت اور اسرائیل مل کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے میں مصروف ہیں۔ پاکستان پر ڈرون حملے جاری ہیں۔ بے گناہ اور معصوم پاکستانی عوام ان حملوں میں موت کے گھاٹ اتارے جا رہے ہیں۔ حکمرانوں نے بے غیرتی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ پاکستان کی آزادی، خود مختاری اور قومی وقار امریکہ کے آگے گروی رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آزادی و خود مختاری کی بحالی کے لیے موجودہ حکمرانوں سے نجات ضروری ہے۔
خبر کا کوڈ : 99226
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش