0
Saturday 17 Sep 2011 14:40

عوامی نیشنل پارٹی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کو مسئلے کا حل نہیں سمجھتی، شاہی سید

عوامی نیشنل پارٹی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کو مسئلے کا حل نہیں سمجھتی، شاہی سید
کراچی:اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر و چیئرمین پختون ایکشن کمیٹی لویہ جرگہ شاہی سید نے باچا خان مرکز کراچی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ فاطمہ جناح کی صدارتی امیدوار کی حیثیت سے حمایت اور 1988ء کے لسانی فسادات کی دونوں بڑی سازشوں کو خان عبدالولی خان نے اپنی فہم و فراست سے ناکام بنایا۔ ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کیخلاف اے این پی صوبہ خیبر پختونخوا اور کراچی میں سب سے بڑی رکاؤٹ ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے کراچی بدامنی پر ازخود نوٹس قابل ستائش ہے، اب قوم کی توجہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کی جانب مرکوز ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کسی سیاسی جماعت پر پابندی کو مسئلے کا حل نہیں سمجھتی۔ سیاسی جماعت، سیاسی جماعت اور دہشت گرد تنظیم، دہشت گرد تنظیم ہوتی ہے۔ اب بھی متعدد کالعدم تنظیمیں نام بدل کر اپنی سابقہ سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
شاہی سید نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ عدالت سے اشتہاری اور مفرور قرار دئیے جانے والے افراد پر سیاسی سرگرمیوں اور جلسے جلوس میں تقاریر، ذرائع ابلاغ کے استعمال اور انتخابات میں حصہ لینے پر عدالت سے بے قصور ثابت ہونے تک پابندی عائد کی جائے۔ شاہی سید نے مزید کہا کہ کراچی کا اصل مسئلہ اختیارات کا حصول اور تمام خرابی کی جڑ انتظامی ناانصافی ہے۔ کراچی و حیدرآباد کی سابقہ حیثیت کی بحالی، انتخابی اور انتظامی حدود بندی کیلئے غیر جانبدار کمیشن بنایا جائے، تاکہ عوام کو اپنی مرضی سے حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے ٹھپہ مافیا کیخلاف سخت قانون سازی اور نادرا ڈیٹا بیس کے مطابق درست ووٹ کا اندراج اور دوہرے ووٹ کا خاتمہ کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 99313
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش