0
Monday 16 May 2022 15:04
موجودہ بحران کا واحد حل فوری انتخابات ہیں

ہم امریکی نظام کو شیطانی نظام سمجھتے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

آج قاتل اقتدار کی کرسی پر ہیں اور محب وطنوں کو جبری لاپتہ کیا جا رہا ہے
ہم امریکی نظام کو شیطانی نظام سمجھتے ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعلیٰ مقاصد کا حصول، ظالموں سے نجات، عدل کے پرچم کی سربلندی اور ظلم کی سیاہ رات کے خاتمے کے لیے بنیادی ہتھیار وحدت ہے۔ دشمن ہماری تحقیر و تذلیل کے لیے ہمیں فرقوں میں تقسیم کرتا ہے۔ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے تفرقہ پھیلانے والوں کو استعمار کا ایجنٹ قرار دے کر ساری حقیقت واضح کر دی ہے۔ وحدت و اخوت کا راستہ ہی عزت کا راستہ ہے۔ ہمارے مجتہدین عظام نے اہلسنت برادران کو اپنا نفس، اپنی جان قرار دے کر مذہبی منافرت کا راستہ بند کیا ہے۔ شہید قائد ہمارے رہبر ہیں، وہ کہا کرتے تھے کہ پاکستان کے فیصلے واشنگٹن میں نہیں پاکستان میں ہونے جاہیئے۔ وہ ان پست فطرت لوگوں سے نالاں تھے، جو امریکی غلامی میں فخر محسوس کرتے۔ ملت تشیع اپنے رہبروں سے رہنمائی لیتی ہے۔ ہم امریکی نظام کو شیطانی نظام سمجھتے ہیں۔ اس نظام کے اندر ظلم ہے، ہم اس اسلام دشمن نظام سے نفرت کرتے ہیں۔ اسرائیل ہمارا دشمن ہے، اسرائیل کی غاصب و ظالم ریاست کا خاتمہ ناگزیر ہے۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ لیاقت علی خان سے دور حاضر تک کی قتل و غارت اور تکفیریت میں امریکہ ملوث رہا ہے۔ پاکستان اس وقت مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے۔ اس ملک میں معاشی بحران پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو تباہ کرنے والوں کے سامنے ہم نیوٹرل نہیں رہ سکتے۔ ہم اس ملک کے باوفا اور جرات مند بیٹے ہیں۔ ہر اس چہرے کو بےنقاب کیا جائے گا، جو ملک دشمنوں کا خیر خواہ ہے۔ کوئی بھی ذی شعور اپنی فوج کو کمزور نہیں دیکھنا چاہتا۔ بیرونی طاقتیں فوج کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ پاک فوج کے ذمہ داروں کو فیصلہ سازی میں محتاط انداز اپنانا ہوگا۔ ہم پاکستان میں بنگال کی تاریخ نہیں دہرانے دیں گے۔ ہم مر جائیں گے، لیکن وطن کی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا واحد حل فوری انتخابات ہیں۔ خدانخواستہ کسی بڑے جانی نقصان کی صورت میں لگنے والی آگ بجھانی مشکل ہو جائے گی۔ تمام مکاتب فکر نے مل کر ان ملک دشمنوِں کا راستہ روکنا ہے، جو پوری قوت کے ساتھ ملک کو تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ ہم کسی نئے ایڈونچر کے متحمل نہیں ہیں۔ اس ملک کے ساتھ کھلواڑ بند کیا جائے۔ ہم نے وطن اور اس کی محافظ فوج کو مضبوط کرنا ہے۔ چیئرمین ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ یہ وقت ابلیسی قوتوں کے مقابلے کے لیے بیدار رہنے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لاپتہ نوجوان ایک مہذب اور محب وطن قوم کے بیٹے ہیں۔ آج قاتل اقتدار کی کرسی ہر بیٹھے ہوئے ہیں اور محب وطنوں کو جبری لاپتہ کیا جا رہا ہے۔ ہمارے لاپتہ نوجوانوں کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔ کیا ریاستی اداروں کو اپنی عدالتوں پر اعتماد نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کو بحرانوں میں جکڑ کر ایٹمی اثاثوں سے محروم کرنے کا اگر کوئی خواب دیکھ رہا ہے تو وہ احمق ہے۔
خبر کا کوڈ : 994497
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش