0
Monday 16 May 2022 21:00

لاہور پریس کلب کے زیراہتمام صحافی زاہد ملک کی بازیابی کیلئے مظاہرہ

زاہد ملک کو چوبیس گھنٹے کے اندر رہا نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کریں گے، ناصرہ عتیق
لاہور پریس کلب کے زیراہتمام صحافی زاہد ملک کی بازیابی کیلئے مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، پنجاب یونین آف جرنلسٹس، لاہور پریس کلب، جرنلسٹس فورم پاکستان سمیت دیگر صحافتی تنظیموں نے سینیئر صحافی، لاہور پریس کلب کے کونسل ممبر، روزنامہ دنیا کے سب ایڈیٹر زاہد عباس ملک کی جبری گمشدگی کیخلاف لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت لاہور پریس کلب کی نائب صدر ناصرہ عتیق نے کی جبکہ پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے  قمر الزمان بھٹی، راجہ ریاض، شاہد چودھری، احسن رضا، زاہد شفیق طیب، احمد رضا، انصار زاہد، نذیر بھٹی، جرنلسٹس فورم پاکستان کے تصور شہزاد، بخت گیر چودھری، عاصم زیدی سمیت دیگر رہنماوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ صحافی زاہد عباس ملک کو فی الفور بازیاب کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی میڈیا مالک کو غائب نہیں کیا گیا، کوئی اینکر لاپتہ ہو جاتا تو طوفان برپا ہو جاتا، لیکن ایک سب ایڈیٹر کے لاپتہ ہونے پر پانچ روز گزر گئے ہیں، کسی نے نوٹس نہیں لیا۔ رہنماوں نے کہا کہ پوری صحافی برداری اور ورکر جرنلسٹس زاہد عباس ملک کیساتھ ہیں، چوبیس گھنٹے کی مہلت دیتے ہیں، جس بھی ادارے کے پاس زاہد عباس ملک ہیں، وہ انہیں رہا کر دے، اگر زاہد عباس ملک کو رہا نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک تک بڑھا دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کو الٹی میٹم دیتے ہیں، زاہد ملک کو فی الفور بازیاب کروایا جائے، اگر بازیاب نہ کروایا گیا تو جمعہ کے روز لاہور پریس کلب کے سامنے بھرپور احتجاجی مظاہرہ ہوگا، جس کے بعد احتجاج کا دائرہ ملک گیر سطح تک پھیلا دیا جائے گا۔

رہنماوں کا کہنا تھا کہ زاہد عباس ملک نے کوئی جرم کیا ہے، تو اسے عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے، رات کے اندھیرے میں اس طرح انہیں فلیٹ سے اُٹھا لینا بہت بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ زاہد عباس ملک کی صحافیوں کیلئے نمایاں خدمات ہیں، وہ فیز ٹو کی مہم میں سرگرم تھے، صحافیوں کے حق کیلئے آواز اٹھانا کون سا جرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زاہد عباس ملک بازیاب نہ ہوئے تو کراچی سے پشاور، گلگت سے کوئٹہ تک احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زاہد عباس ملک کیساتھ تمام ورکنگ جرنلسٹس کھڑے ہیں اور ان کی بازیابی تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔  
خبر کا کوڈ : 994537
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش