0
Sunday 18 Sep 2011 06:01

حکمران امریکی غلام ہیں، ملک بچانے کا واحد حل یہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مستعفی ہو جائیں، صاحبزادہ فضل کریم

حکمران امریکی غلام ہیں، ملک بچانے کا واحد حل یہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مستعفی ہو جائیں، صاحبزادہ فضل کریم
سرگودھا:اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ انقلاب کے نعرے لگانے والے حکمرانوں نے امریکہ کی غلامی اپنا رکھی ہے، ملک کو بچانے کیلئے صرف ایک ہی حل باقی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں فی الفور مستعفی ہو جائیں اور عام انتخابات کا اعلان کرکے عوام کو حق دیا جائے کہ وہ نااہل حکمرانوں کا احتساب کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں اور سیاسی جماعتوں میں موجود ڈکٹیٹر شپ کے باعث ملک اس وقت تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں محض اقتدار کی بھوکی ہیں جنہیں ملک اور عوام کی کوئی فکر نہیں، جس ملک میں اٹھارہ، اٹھارہ گھنٹے بجلی بند ہو، مہنگائی عروج پر ہو، دہشتگرد سرعام لوگوں کو لقمہ اجل بنا رہے ہوں، وہ ملک ترقی کیسے کریگا۔
ان کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث ڈینگی وائرس نے تباہی پھیلا دی ہے اور اب یہی ڈینگی پنجاب حکومت کی تباہی کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ اگر دو ماہ قبل ڈینگی وائرس کے حوالہ سے پنجاب حکومت کوئی حفاظتی اقدامات کرتی تو نوبت یہاں تک نہ آتی، جو آج ہلاکتوں کے باعث سامنے آئی ہے، انہوں نے کہا کہ ابھی تک خادم اعلٰی کی طرف سے کسی سرکاری افسر کو غفلت برتنے پر سزا نہیں دی گئی، دو ہفتے گذرنے کے باوجود صورتحال گھمبیر سے گھمبیر تر ہوتی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ اور وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث سندھ میں 60 لاکھ سے زائد افراد سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں مگر بے شرم حکمران صرف لفظوں کو ہیر پھیر کرکے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل نے اب سیاسی میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا ہے، جو ان مغرب کے غلاموں سے عوام کو نجات دلا کر غلام مصطفٰی ص بنائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈرون حملے اور مسلمانوں کا قتل کس پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے، نوجوانوں کو خودکش حملے کی تربیت دیکر جنت میں لے جانے والے مذہبی انتہاء پسند کس کے اشاروں پر چل رہے ہیں، ملک میں لاقانونیت پیدا کرنے میں ایم ایم اے کی حکومت ملوث ہے جس کے دور میں انتہاء پسندی کو فروغ ملا، اسلحہ اور بارود کے لائسنس جاری کیے گئے جس کے باعث آج ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار حکومت کے خود عزائم آمرانہ ہیں، ملکی تاریخ میں عوام کو وعدوں پر ٹرخایا گیا ہے مگر اب وقت آچکا ہے کہ عوام اب ان نااہل حکمرانوں کے خلاف انقلاب برپا کریں، انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سے حکمرانوں سے التجا کی کہ وہ کل جماعتی کانفرنس بلائیں، تاکہ ملک میں انتہاء پسندی اقرباء پروری کا خاتمہ ہو سکے، لیکن ان نااہل حکمرانوں نے اس مطالبہ پر کوئی توجہ نہیں دی۔
خبر کا کوڈ : 99460
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش