QR CodeQR Code

مدارس اہلسنت ریاستی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں، ڈاکٹر راغب نعیمی

17 May 2022 21:29

جامعہ نعیمیہ میں تقریب سے خطاب میں ناظم اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ مہم ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع اور استحکام کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے، دہشتگردی کیخلاف ملک دشمن عناصر کی مذموم کارروائیوں میں پاک فوج نے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے امن اور سالمیت کی قیمت ادا کی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ مدارس اہلسنت ریاستی اداروں کیساتھ کھڑے ہیں، اعلیٰ عدلیہ اور افواج پاکستان کو ہدف تنقید بنانے والے ہوش کے ناخن لیں، مضبوط پاکستان کیلئے مضبوط دفاع ناگزیر ہے، اداروں کیخلاف پروپیگنڈہ مہم ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی سازش ہیں، پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع اور استحکام کے تحفظ کی جنگ لڑی ہے، دہشتگردی کیخلاف ملک دشمن عناصر کی مذموم کارروائیوں میں پاک فوج نے قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے امن اور سالمیت کی قیمت ادا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر طرح کے ہنگامی حالات میں پاک فوج ہمیشہ صف اول میں کھڑی ہوکر طوفانوں سے ٹکرائی ہے ۔ مسلح افواج کیخلاف ہرزہ سرائی سے ملک دشمن عناصر کے ایجنڈے کی تکمیل ہورہی ہے ۔ سیاسی قیادت مسلح افواج کیخلاف ہرزہ سرائی بند کرکے سیاسی اور عوامی ایشوز پر اپنی سیاست کرے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ نعیمیہ کے سالانہ تعلیمی سیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت شیخ الحدیث مفتی عبدالعلیم سیالوی نے کی۔ اس موقع پر شیخ الحدیث مفتی عبدلعلیم سیالوی نے دینی تعلیم ضرورت و اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ تقریب میں شیخ الحدیث مفتی انورالقادری، شیخ الحدیث مولانا محبوب احمد چشتی، مفتی عمران حنفی، مولانا کلیم فاروقی، مفتی محمد عارف حسین، مفتی محمد مدنی، مولانا غلام مرتضی نقشبندی، مولانا غلام یاسین نعیمی، مولانا ارشد جاوید قادری، قاری محمد رفیق نقشبندی، مولانا قاری ذوالفقار احمد نعیمی، مولانا مسعود احمد سیالوی، مولانا محب الرسول نوری، قاری غلام محی الدین، قاری محمد اشفاق احمد سمیت دیگر اساتذہ کرام نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 994609

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/994609/مدارس-اہلسنت-ریاستی-اداروں-کیساتھ-کھڑے-ہیں-ڈاکٹر-راغب-نعیمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org