QR CodeQR Code

ملتان، محکمہ زراعت توسیع کا چھاپہ، 6 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی جعلی کھاد پکڑ لی، 2 ملزمان گرفتار

17 May 2022 15:27

ملزمان جعلی کھاد غیرقانونی طریقے سے تیار وپیک کرکے ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کرکے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے تھے۔ پکڑی جانے والی جعلی کھاد بطور مال مقدمہ قبضہ میں لیکر حوالہ پولیس کردی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ظفر عباس و دیگر اہلکاروں نے مخبر کی اطلاع پر کنگ ایگرو کیمیکلز فیکٹری واقع موضع حامدپور مظفرگڑھ روڈ ملتان میں کامیاب چھاپہ مارکر جعلی کھاد سے بھرا ٹرک پکڑ لیا، 2 ملزمان موقع سے گرفتار کرلئے گئے۔ 100 بیگ این پی کھاد بوزن 50 کلوگرام فی بیگ تیار کرکے ٹرک میں لوڈ کیے جارہے تھے کہ موقع پر پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ کے دوران پکڑ لئے۔ موقع پر پکڑی جانے والی جعلی کھاد کی مالیت 6 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ جعلی کھاد و دیگر میٹریل قبضے میں لیتے ہوئے دانش حسین عباسی مالک کنگ ایگر وکیمیکلز، محمد مدثر انچارج، سجاد سمیت دیگر نامعلوم ملزمان کے خلاف پنجاب فرٹیلائزر کنٹرول آرڈر کے تحت تھانہ مظفر آباد میں ایف آئی آر نمبر 723/22 کا اندراج کرادیا ہے۔

ملزمان جعلی کھاد غیرقانونی طریقے سے تیار وپیک کرکے ملک کے مختلف حصوں میں سپلائی کرکے ملکی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہے تھے۔ پکڑی جانے والی جعلی کھاد بطور مال مقدمہ قبضہ میں لیکر حوالہ پولیس کردی گئی۔ موقع پرکھاد کے نمونہ جات حاصل کرکے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوا دئیے گئے۔ محکمہ زراعت جعلی کھادوں و زرعی زہروں کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے اصول پر عمل پیرا ہے اور اس کاروبار کی بیخ کنی کیلئے تمام ممکنہ کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔

 


خبر کا کوڈ: 994686

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/994686/ملتان-محکمہ-زراعت-توسیع-کا-چھاپہ-6-لاکھ-روپے-سے-زائد-مالیت-کی-جعلی-کھاد-پکڑ-لی-2-ملزمان-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org