QR CodeQR Code

امام صادق (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے ضلع بڈگام میں سالانہ مجلس حسینی

17 May 2022 21:47

مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام جعفر صادق (ع) کے سیرت و کردار اور علمی کمالات کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔


اسلام ٹائمز۔ سلسلہ امامت کی چھٹی کڑی حضرت امام جعفر صادق (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کے اہتمام سے ضلع بڈگام میں سالانہ مجلس حسینی (ع) کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے شرکت کی۔ تنظیم کے مرکزی ذاکرین نے مرثیہ خوانی کی اور احیائے دین و شریعت کے حوالے سے امام صادق (ع) کی گرانقدر خدمات اور لامثال قربانیوں کو یاد کیا گیا۔ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے حضرت امام جعفر صادق (ع) کے سیرت و کردار اور علمی کمالات کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ آغا سید حسن نے کہا کہ امام عالیمقام کے سایہ سرپرستی میں مسلمانوں نے علوم نے اسلامی اور عرفان الٰہی کی وہ منزلیں طے کیں جن سے امت مسلمہ رہتی دنیا تک فیضیاب ہوتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ امام صادق (ع) کا دور امامت علم و آگہی کے ایک درخشندہ دور کی حیثیت سے تاریخ اسلام میں مرقوم ہے۔ آپکے علمی کمالات اور روحانی کرامات کے آگے وقت کے تمام علماء و فضلاء زانو تہہ کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ (ع) نے ہی تاریخ اسلام میں اولین  اسلامی دانشگاہ قائم کی جہاں بیک وقت ہزاروں طالب علم آپ سے شرف تلمز حاصل کیا کرتے تھے۔ امام عالیمقام (ع) حکومت وقت کی پالیسیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے تاکہ شریعت اسلامی کو حکومتی سطح پر زک نہ پہنچائی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ امام صادق (ع) کی یہ روش وقت کے حکمرانوں کو انتہائی ناگوار گزری اور یہی روش امام عالیمقام کی شہادت کا باعث بن گئی۔


خبر کا کوڈ: 994708

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/994708/امام-صادق-ع-کے-یوم-شہادت-کی-مناسبت-سے-ضلع-بڈگام-میں-سالانہ-مجلس-حسینی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org