اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا اور شہر میں جاری دہشت گردی کی لہر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے بولٹن مارکیٹ دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن اس ملک کے عوام متحد اور اس طرح کی حرکتوں کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے وزیراعظم کو صدر دھماکے اور بولٹن مارکیٹ دھماکے کے دونوں واقعات پر بریفنگ دی اور انہیں سندھ حکومت کی جانب سے اس خطرے سے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ کو صورتحال پر قابو پانے کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔