QR CodeQR Code

اتحادی جماعتوں کا 2023ء تک حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ

17 May 2022 23:16

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے گی، آئندہ الیکشن کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ کے آرٹیکل 63 اے سے متعلق فیصلے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے اگست 2023ء تک حکومت کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا اور وزیراعظم کو تمام اقدامات پر مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے قائدین شریک ہوئے۔ اجلاس میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے فیصلے پر مشاورت کی گئی جبکہ تمام اتحادی جماعتوں نے اگست 2023ء تک ساتھ دینے اور حکومت میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وزیراعظم کے تمام فیصلوں کو مکمل سپورٹ کیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری قانونی رائے لی جائے گی، آئندہ الیکشن کے حوالے سے انتخابی اصلاحات کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے گا، جبکہ عدالتی فیصلے کے بعد پنجاب میں پیدا ہونے والے ممکنہ سیاسی و آئینی بحران سے نمٹا جائے گا۔ بعد ازاں وزیراعظم کی وزیر قانون اور اٹارنی جنرل کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کی گئی اور مستقبل میں ممکنہ آئینی و قانونی پہلوؤں کو استعمال کرنے پر اتفاق کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 994743

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/994743/اتحادی-جماعتوں-کا-2023ء-تک-حکومت-ساتھ-دینے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org