0
Wednesday 18 May 2022 23:36

مسلمان مساجد کی بے حرمتی کو ہرگز گوارا نہیں کرسکتے ہیں، مسلم پرسنل لاء بورڈ

مسلمان مساجد کی بے حرمتی کو ہرگز گوارا نہیں کرسکتے ہیں، مسلم پرسنل لاء بورڈ
اسلام ٹائمز۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی مجلس عاملہ کا ایک ہنگامی آن لائن اجلاس طلب کیا گیا، جس میں خاص طور پر گیان واپی مسجد اور ملک کی مختلف مسجدوں اور عمارتوں کے سلسلہ میں فرقہ پرست طاقتوں نے جو رویہ اختیار کر رکھا ہے، اس پر تفصیل سے غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایک طرف نفرت پھیلانے والی قوتیں پوری طاقت کے ساتھ جھوٹا پروپیگنڈا کررہی ہیں اور مسلمانوں کے مقدس مقامات کو نشانہ بنا رہی ہیں تو دوسری طرف مرکزی حکومت اور ریاستی حکومتیں جن پر دستور اور قانون کو نافذ کرنے کی آئینی ذمہ داری ہے، خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، اس پر مستزاد جو سیاسی پارٹیاں اپنے آپ کو سیکولر اور انصاف پسند کہتی ہیں، وہ بھی خاموش ہیں اور اس جھوٹے پروپیگنڈے کے خلاف انہیں جس طرح میدانِ عمل میں آنا چاہیئے، نہیں آرہی ہیں، ان کو اس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کرنا چاہیئے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ہمیں امید ہے کہ وہ جلد سے جلد اپنا موقف واضح کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دستور اور سیکولر کردار کی حفاظت کے لئے ان کی طرف سے کوئی واضح اور ٹھوس آواز بلند ہوگی۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ ضرورت پڑنے پر پُرامن عوامی تحریک بھی شروع کی جاسکتی ہے۔ اجلاس نے یہ بھی طے کیا کہ بورڈ انصاف پسند ہندو بھائیوں اور دیگر اقلیتی طبقات کو اعتماد میں لے کر مذہبی عبادت گاہوں اور مقدس مقامات کے احترام اور ان کے تحفظ کے سلسلے میں مشترکہ ذمہ داریوں پر رائے عامہ بیدار کرے گا۔ اجلاس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ 1991 کے عبادت گاہوں سے متعلق قانون کے بارے میں وہ اپنا موقف واضح کرے، ایسے واقعات پر حکومت کی خاموشی ایک مجرمانہ فعل ہے، جو کسی بھی طرح قبول نہیں کیا جاسکتا۔ اجلاس نے مساجد کے خطباء اور علماء سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ تین ہفتے جمعہ کے بیان میں مسجد کی اہمیت، شریعت میں اس کا مقام و تقدس اور مسجد کے تحفظ جیسے موضوعات پر خطاب کریں، نیز شرپسند عناصر کی طرف سے جو غلط دعوے کئے جارہے ہیں، ان کی علمی اور قانونی تردید پر خطاب کریں۔ اجلاس نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صبر کا دامن تھامے رہیں، ثابت قدمی سے کام لیں اور اشتعال سے بچتے ہوئے لوگوں کے سامنے اپنا موقف پیش کریں۔
خبر کا کوڈ : 994897
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش