QR CodeQR Code

پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سندھی مہاجر قوم میں نفرت کے بیج بو کر گھناؤنی سیاست کرتی ہے، مصطفی کمال

18 May 2022 21:14

ایک بیان میں چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ آصف زرداری اپنے ہوش و حواس میں رہتے ہوئے مہاجروں کے بارے زبان استعمال کریں، مہاجر پناہ گزین نہیں، مہاجر اپنے ساتھ پاکستان لائے تھے، مہاجر کہیں سے بھاگ کر نہیں آئے بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت پاکستان آئے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ سندھی ہمارے لئے انصار ہیں لیکن پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سندھی مہاجر قوم میں نفرت کے بیج بو کر گھناؤنی سیاست کرتی ہے، آصف زرداری اپنے ہوش و حواس میں رہتے ہوئے مہاجروں کے بارے زبان استعمال کریں، مہاجر پناہ گزین نہیں، مہاجر اپنے ساتھ پاکستان لائے تھے، مہاجر کہیں سے بھاگ کر نہیں آئے بلکہ ایک بین الاقوامی معاہدے کے تحت پاکستان آئے جس کے تحت پاکستان سے ہجرت کرنے والے ہندں کو بھارت میں مسلمانوں کی ترک شدہ جائدادیں ملیں اور اسی معاہدے کے تحت بھارت سے ہجرت کرنے والے مسلمانوں کو پاکستان کے تمام صوبوں میں وہ جائدادیں ملنی تھیں جو ہندو ترک کرکہ بھارت گئے، اسی کو متروکہ کہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ المیہ یہ ہے کہ سندھ میں ہندؤں کی ترک کردہ جائدادوں پر آصف زرداری جیسے متعصب اور کرپٹ لوگ خود قابض ہوگئے اور مہاجروں کو پناہ گزین گزین کہنے لگے، پاکستان کسی اسمبلی میں قرارداد پاس ہونے سے نہیں بنا، بھارت کے مسلمان اقلیتی صوبوں کے 20 لاکھ مسلمانوں نے اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کیا، تب پاکستان بنا، متروکہ پنجاب، متروکہ خیبرپختونخوا کی طرح متروکہ سندھ وہ بین الاقوامی معاہدہ ہے جس کے تحت بھارت سے مسلمان پاکستان آئے، مہاجروں نے پاکستان آکر یہاں نظام بنانے میں فعال کردار ادا کیا اور آپ جیسوں کی زندگی گزارنے کا معیار بہتر کرایا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس میں خواتین کے تاریخی جلسے کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور تحریک انصاف نے جو وعدے کئے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں کیا، کارکردگی صفر رہی اس کے باوجود کراچی والوں سے معافی مانگنے کے بجائے قوم کو اب امریکا سے آزادی کے جھوٹا نعرہ کے پیچھے لگا دیا۔ سید مصطفی کمال نے مزید کہا کہ پاک سرزمین پارٹی ہی ملک کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے کیونکہ اس میں کسی کی ہار نہیں بلکہ سب کی جیت ہے، وہ وقت گیا جب لوگ غلام بنا کر ظلم کیا کرتا تھے، اس دور میں آزادی کا مطلب آزاد معیشت ہے، اپنی نسلوں کو معاشی غلامی سے آزاد کرانا ہے تو لوگ اب پاک سرزمین پارٹی کا ساتھ دیں کیونکہ مسئلے سب بتا رہے ہیں لیکن مسائل کا حل صرف ہم پیش کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 994908

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/994908/پیپلز-پارٹی-اور-ایم-کیو-سندھی-مہاجر-قوم-میں-نفرت-کے-بیج-بو-کر-گھناؤنی-سیاست-کرتی-ہے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org