QR CodeQR Code

انتخابی اصلاحات شروع

اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں رکھنے کا فیصلہ

19 May 2022 12:11

حکمران اتحاد کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد سے پہلے ایسی ترامیم کرنا ہونگی کہ پری پول دھاندلی کو بھی روکا جا سکے۔


اسلام ٹائمز۔ حکمران اتحاد نے عام انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات پر کام شروع کر دیا ہے، تاہم الیکشن عام الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور انٹرنیٹ کے ذریعے نہیں ہوگا۔ حکمران اتحاد کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اکثریت کے زور پر انتخابی اصلاحات کے نام پر متنازع ترین انتخابی ترامیم کیں، جنہیں ختم کرنا ہوگا۔ مسلم لیگ نواز کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور پیپلز پارٹی کی شازیہ مری کا کہنا ہے کہ متعدد ترامیم آئین کی خلاف ورزی ہیں، جنہیں یک طرفہ طور پر منظور کرایا گیا۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستوں کو ماضی کی طرح نادرا سے واپس لے کر الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے گا، حلقہ بندیوں کو ماضی کی طرح آبادی کے تناسب سے ترتیب دیا جائے گا، نہ کہ تحریک انصاف کی ترمیم کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد کے حساب سے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا ختم ہونا لازم ہے، پی ٹی آئی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا استعمال چاہتی تھی، جو ترقی یافتہ دنیا میں متنازع ہیں اور ڈیجیٹل دھاندلی کا ذریعہ بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ووٹنگ کے عمل میں انٹرنیٹ کا استعمال ختم کیا جائے گا، کیونکہ جہاں پینٹاگون کے کمپیوٹرز تک ہیک ہو جاتے ہیں، وہاں الیکشن ہیک کرنا مشکل نہیں ہوگا، ان کے لیے محفوظ ووٹنگ کا طریقہ وضع کرنا ہوگا۔ حکمران اتحاد کا کہنا ہے کہ بیرونی دنیا میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مخصوص نشستیں رکھی جائیں گی، تاکہ ان کے نمائندے خود پارلیمنٹ میں ان کی آواز بن کر ان کے مسائل حل کریں، نہ کہ فلوریڈا میں بیٹھا ایک شخص جیکب آباد کے ایم این اے کو ووٹ دے کر اسے ڈھونڈتا رہے۔ نواز لیگ کا ماننا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں مقیم پاکستانیوں کی الیکشن کمپین اور ووٹنگ کے اصول وضع کرنا ہوں گے، کیونکہ وہاں سیاسی سرگرمیوں کی اجازت بھی نہیں ہے۔

لیگی رہنماؤں کا یہ بھی کہنا ہے ترمیم کرنا ہوگی کہ آر ٹی ایس کا دوبارہ استعمال نہ ہوسکے، ترمیم کرنا ہوگی کہ گنتی کا عمل مزید شفاف ہو اور پولنگ ایجنٹس کا کردار مزید بڑھایا جا سکے، ترمیم کرنا ہوگی کہ سی سی ٹی وی کیمرے کا مزید استعمال ہوسکے اور الیکشن کے عمل میں مزید شفافیت لائی جا سکے۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ترمیم کرنا ہوگی کہ نتائج مرتب کرنے کے نظام میں مزید بہتری لائی جا سکے، تاکہ ماضی کے اعتراضات سامنے نہ آسکیں، یہ ترمیم بھی کرنا ہوگی کہ انتظامی ادارے اور انتظامی وسائل کسی کے حق میں استعمال نہ ہوسکیں، ترمیم کرنا ہوگی کہ سرکاری نشریاتی اداروں کا کسی کے حق یا مخالفت میں استعمال نہ ہوسکے۔ حکمران اتحاد کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے انعقاد سے پہلے ایسی ترامیم کرنا ہوں گی کہ پری پول دھاندلی کو بھی روکا جا سکے اور تمام سیاسی جماعتوں کو برابری کی سطح پر الیکشن میں آزادی سے حصہ لینے کی اجازت ہو۔


خبر کا کوڈ: 995004

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995004/اوورسیز-پاکستانیوں-کیلئے-مخصوص-نشستیں-رکھنے-کا-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org