0
Thursday 19 May 2022 12:36

بلوچستان میں غیر ملکی دہشتگرد سیلز فعال ہیں، فرح عظیم شاہ

بلوچستان میں غیر ملکی دہشتگرد سیلز فعال ہیں، فرح عظیم شاہ
اسلام ٹائمز۔ بلوچستان حکومت نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کا نیٹ ورک یورپ اور خلیجی ریاستوں سے چلایا جا رہا ہے جو خاص طور پر خواتین کو اپنے دہشت گردی کے نیٹ ورک میں بھرتی کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حکومتِ بلوچستان کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پولیس نے پیر کو بلوچستان کے علاقے تربت میں کارروائی کرکے ایک خاتون نور جہاں کو ساتھی سمیت گرفتار کیا۔ ترجمان نے کہا کہ یہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ ریاست مخالف عناصر بیرون ملک سے آپریٹ کر رہے ہیں جو نہ صرف پاکستان میں تخریبی سرگرمیوں کی سرپرستی کر رہے ہیں بلکہ دہشت گردوں کی تربیت اور ملک میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ گرفتار کی گئی خاتون نے دوران تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ اور ان کی ساتھی کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے ایک خطرناک گوریلا سیل "مجید برگیڈ" کی اجرتی رکن ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ دونوں افراد کو سی ٹی ڈی مکران رینج نے خفیہ اطلاعات پر گرفتار کیا ہے۔ فرح عظیم شاہ دعوٰی کیا کہ سی ٹی ڈی نے دوران کارروائی ان کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، 6 دستی بم، کلاشنکوف، رائفلز اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ان کا 7 روزہ ریمانڈ دے دیا ہے۔

فرح عظیم نے مزید کہا کہ دوران تفتیش خاتون نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے متعلق یہ انکشاف کیا کہ تنظیم کے سربراہ اسلم عرف اچھو کی اہلیہ خواتین کو دہشت گردی کی تربیت دے رہی ہیں، اسلم عرف اچھو مارا جا چکا ہے اور اب اس کی اہلیہ یاسمین خواتین کو دہشت گرد بننے تربیت دے رہی ہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ دوران تفتیش نور جہاں نے انکشاف کیا کہ وحیدہ، حمیدہ اور فہمیدہ نامی خواتین جو کالعدم تنظیم کا حصہ ہیں وہ خودکش حملوں کے لیے تربیت یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے حملوں میں بیرونی طاقتیں ملوث ہیں، برطانیہ اور خلیجی ریاستوں میں مقیم کچھ افراد کی جانب سے دہشت گرد حملے کیے جا رہے ہیں۔ فرح عظیم شاہ مزید کہا کہ بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسی ’را‘ پاکستان کو غیرمستحکم کرنا چاہتے ہیں اور کچھ دیگر ممالک بھی پاکستان کی سالمیت کو کمزور اور غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ بلوچستان کے کاز کا خیال رکھنے والوں کو یہاں کے لوگوں کی حقیقی معنوں میں خدمت کرنے کے لیے گھر واپس آنا چاہیے، حقیقی بلوچ اپنی خواتین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں کر سکتے۔ قبل ازین پولیس کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے چین پاکستان اقتصادی راہداری سے منسلک ہائی وے پر غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار خاتون کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 995008
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش