QR CodeQR Code

سندھ ہائیکورٹ کا آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو بازیاب کرانیکا حکم

19 May 2022 15:26

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بچی کہاں ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مذکورہ پتے پر بچی نہیں ملی، اس کا مطلب ہے کچھ نہ کچھ تو گڑبڑ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرا کی کم عمری میں شادی اور مبینہ اغوا سے متعلق درخواست پر آئی جی سندھ کو بچی کو بازیاب کرانے کا ٹاسک دیتے ہوئے ایس ایس پی اینٹی وائلنٹ کرائم سیل (اے وی سی سی) زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت نے نوٹس جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو دعا زہرا کی کم عمری میں شادی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ دعا زہرا کو پیش نہ کرنے پر عدالت سخت برہم ہوگئی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے کہ کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی اے جی صاحب، بچی ویڈیو بنا رہی ہے، پریس کانفرنس کر رہی ہے، مگر پولیس کو نہیں مل رہی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ بچی کہاں ہے؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ مذکورہ پتے پر بچی نہیں ملی، اس کا مطلب ہے کچھ نہ کچھ تو گڑبڑ ہے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ایس ایس پی ہیومین ٹریفیکنگ کانفرنس میں اسلام آباد گئے ہیں، دعا زہرا کی گرفتاری نہیں ہوئی۔

ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ گرفتاری کا نہیں کہا، ہم نے بچی کو صرف بلایا ہے۔ ایس ایس پی کانفرنس اٹینڈ کر رہا ہے، عدالت کا حکم اہم نہیں؟ عدالت نے ایس ایچ او الفلاح سے مکالمے میں کہا کہ انسانی اسمگلنگ رک نہیں رہی اور کانفرنس ہو رہی ہیں۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں وقت دے دیا جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پولیس والے صرف پریس کانفرنس اور دعوے کر رہے ہیں۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ ایک بچی نہیں مل رہی، ویڈیو آرہی ہیں، اے جی صاحب کیا ریاست اتنی کمزور ہوگئی ہے، ہمیں بچی چاہیے، یہ آپس میں گیم کھیل رہے ہیں۔ عدالت نے ایس ایس پی اے وی سی سی زبیر نذیر شیخ کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کر دیئے اور آئندہ سماعت پر دعا زہرا کو پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے آئی جی سندھ کو دعا زہرا کو پیش کرنے کا ٹاسک دیتے ہوئے سماعت 24 مئی کیلئے ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 995036

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995036/سندھ-ہائیکورٹ-کا-ا-ئی-جی-کو-دعا-زہرا-بازیاب-کرانیکا-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org