QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ پنجاب کا 10 کلو آٹے کا تھیلا 490 روپے کرنے کا اعلان

19 May 2022 22:49

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ آج سے حکومت پنجاب عوام کے لئے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کر رہی ہے، ہم آٹے پر 17 ارب روپے ماہانہ اور کل 200 ارب روپے کی سبسڈی دیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے آج سے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کرنے کا اعلان کردیا، اور کہا کہ آٹے پر 17 ارب روپے ماہانہ اور مجموعی طور پر 200 ارب روپے کی رعایت دیں گے۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں معاویہ اعظم، ملک اسد کھوکھر، سید مرتضیٰ حسن، ملک نعمان لنگڑیال سمیت دیگر اتحادیوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تقریباً ایک مہینے سے زائد عرصے سے حلف نہ لینے کا تماشا ایوان صدر سے شروع ہوا، عدالتوں کے حکم پر عملدرآمد نہیں کیا گیا اور آئین شکنی کی گئی، وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ وہ صدر مملکت کو گورنر کا نام بھجوائے جبکہ صدر اس کی لازمی منظوری دے، پرویز الٰہی نے اسپیکر ہوتے ہوئے ہمارے اراکین پر اپنے غنڈوں کے ذریعے حملہ کروایا، اور اب وہ آئین کے تحت قائم مقام گورنر کا حلف نہیں لے رہے ، یہ صوبے کی عوام کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے مجھے عوام کی خدمت کا درس دیا ہے، میں اس کی طرح پچھلی حکومت کا رونا رونے نہیں آیا، 4 سال زیادتی کی گئی اور گندم برآمد کروا دی گئی اور عوام پس گئی تو پھر گندم درآمد کی گئی، میں ہر حال میں پنجاب کی عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا، آج سے حکومت پنجاب عوام کے لئے 10 کلو آٹے کا تھیلا 650 سے کم کر کے 490 روپے کر رہی ہے، ہم آٹے پر 17 ارب روپے ماہانہ اور کل 200 ارب روپے کی سبسڈی دیں گے، ہم نے 45 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کر لی ہوئی ہے جس پر انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں، عالمی منڈی میں گندم 500 ڈالر فی ٹن ہے جو 4000 روپے فی من بنتی ہے، ہم نے کسانوں سے 2200 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدی ہے، ہمارے پاس ایک سال کی گندم کے اسٹاک موجود ہیں، میرے پاس جادو کی چھڑی نہیں ہے لیکن ہم عوام کی اپنے وسائل سے خدمت کرنا چاہتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 995106

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995106/وزیراعلی-پنجاب-کا-10-کلو-آٹے-تھیلا-490-روپے-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org