QR CodeQR Code

ساجد طوری کا یو اے ای سفارتخانہ کا دورہ، شیخ خلیفہ بن زید کی وفات پر تعزیت

20 May 2022 00:47

وفاقی وزیر نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے ایک مخلص دوست تھے اور ان کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں تاریخی سرمایہ کاری ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانی ساجد حسین طوری نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارت کے سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں پر انہوں نے یو اے ای کے پاکستان میں تعینات سفیر حماد عبید ابراہیم الزبی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے مرحوم صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی وفات پر تعزیت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زید النہیان پاکستان کے ایک مخلص دوست تھے اور ان کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبہ جات میں تاریخی سرمایہ کاری ہوئی۔ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دُکھ کی اس گھڑی میں متحدہ عرب امارات کی عوام اور شاہی خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے اللہ تعالیٰ سے متحدہ عرب امارات کے مرحوم صدر کے ایصال ثواب اور متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان اور عوام کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کی دعا کی اور سفارتخانے میں مہمانوں کے لیے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات قلم بند کرتے ہوئے یو اے ای کی ترقی اور پاک، یو اے ای دوستی کو مستحکم بنانے کے لیے شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین دوستی اور دیرپا تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 995112

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995112/ساجد-طوری-کا-یو-اے-سفارتخانہ-دورہ-شیخ-خلیفہ-بن-زید-کی-وفات-پر-تعزیت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org