QR CodeQR Code

صدارتی نظام کے ذریعے ہی ملک کو خوشحال بنایا جاسکتا ہے، ڈاکٹر سلیم حیدر

20 May 2022 19:46

ایک بیان میں چیئرمین ایم آئی ٹی نے کہا کہ عوام یہ سمجھتے ہیں کہ اس ملک کی تباہی، بربادی، لوٹ مار کی ذمہ دار یہ چند سیاسی جماعتیں اور خاندان ہیں جو چہرے اور بھیس بدل کر لوٹ مار کرنے کیلئے نئے طریقے اختیار کرتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ جلد سے جلد ملک میں صدارتی نظام کے نفاذ کا اعلان کرکے 22 کروڑ عوام کو ذہنی اذیت سے نجات دلائی جائے کیونکہ پاکستان میں اس وقت سیاسی بحران اس قدر گھمبیر صورتحال اختیار کرگیا ہے اسے فوری طورپر مقتدر اداروں نے صدارتی نظام کا نفاذ نہ کیا تو پھر نوبت خانہ جنگی تک پہنچ سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کی بڑی سیاسی جماعتیں جو برسہا برس سے اقتدار میں رہیں ایک دوسرے پر ملک کی بدحالی کے الزامات لگارہی ہیں جبکہ عوام جانتے ہیں کہ انہی جماعتوں اور ان کے قائدین نے اپنے اپنے حصے کی ملک میں لوٹ مار کی ہے، پیپلزپارٹی جس کی قیادت لوٹ مار اور کرپشن کی پی ایچ ڈی ہولڈر ہے، وہ اب بھی اس صوبے اور ملک کو ونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے لیکن بدقسمتی سے تمام چور مل کر چوکیداری کے دعویدار ہیں، پی ٹی آئی جس کی نااہلی سب کے سامنے ہے وہ بھی اس صورتحال میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13 جماعتوں پر مشتمل یہ حکومت اب 13 مختلف زاویوں سے لوٹ رہی ہے، صرف تبدیلی یہ ہوئی ہے کہ لوٹ مار کے شراکت دار بڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک پاکستان کو اس حال تک پہنچانے والوں کا تعین نہیں کیا جائے گا اور ملک کو نئے نظام کے ساتھ نہیں جوڑا جائے گا اس وقت تک عوام بے چین اور بے سکون رہیں گے، عوام یہ سمجھتے ہیں کہ اس ملک کی تباہی، بربادی، لوٹ مار کی ذمہ دار یہ چند سیاسی جماعتیں اور خاندان ہیں جو چہرے اور بھیس بدل کر لوٹ مار کرنے کیلئے نئے طریقے اختیار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک وقت تھا کہ ملک میں ہر طرف ترقیاتی کام، خوشحالی کا دور دورہ تھا، اب حالت یہ ہوگئی ہے کہ پاور اسٹیشن چلانے کیلئے فرنس آئل بھی خریدنے کیلئے پیسے نہیں ہیں، اس لئے تاخیر کرنے کے بجائے جلد سے جلد صدارتی نظام نافذ کرکے حکومت اہل لوگوں کے ہاتھ میں دی جائے۔


خبر کا کوڈ: 995212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995212/صدارتی-نظام-کے-ذریعے-ہی-ملک-کو-خوشحال-بنایا-جاسکتا-ہے-ڈاکٹر-سلیم-حیدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org