QR CodeQR Code

سپریم کورٹ کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ قابل ستائش ہے، خرم نواز گنڈا پور 

20 May 2022 22:25

سیکرٹری جنرل پی اے ٹی  کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے وفاداریاں بدلنے کے غیر آئینی اقدام کی حوصلہ شکنی ہوگی، نااہلی کے فیصلے کے بعد پنجاب حکومت کے برقرار رہنے کا کوئی آئینی و اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا، لوٹا کریسی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے مزید قانون سازی کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ خوش آئند ہے، الیکشن کمیشن کے اس فیصلے سے وفاداریاں بدلنے کے غیر آئینی اقدام کی حوصلہ شکنی ہو گی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کا فیصلہ قابل ستائش ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ امیدواروں کی سکروٹنی اگر آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے مطابق ہو تو ایماندار نمائندے اسمبلیوں میں بھیجنے کے آئینی تقاضے پورے ہوں گے۔ بدقسمتی ہے کہ وفاداریاں بدلنے کے منفی سیاسی رحجان کے باعث ملک بدنام ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاداریاں تبدیل کرنے کے رحجان کے خاتمے کیلئے آئینی ترامیم کے باوجود وفاداریاں بدلنے کا کلچر انتہائی افسوسناک ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے مزید کہا کہ لوٹا کریسی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے مزید قانون سازی کی ضرورت ہے۔ سپریم کورٹ نے قانون سازی میں بہتری کے حوالے سے جو ریمارکس دیئے ہیں ان پر فوری عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نااہلی کے فیصلے کے بعد پنجاب حکومت کے برقرار رہنے کا کوئی آئینی و اخلاقی جواز باقی نہیں رہتا۔


خبر کا کوڈ: 995235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995235/سپریم-کورٹ-کے-بعد-الیکشن-کمیشن-کا-فیصلہ-قابل-ستائش-ہے-خرم-نواز-گنڈا-پور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org