0
Saturday 21 May 2022 12:35

ہم اپنے اتحادیوں کو سرپرائز نہیں دینگے، رانا ثناء اللّٰہ

ہم اپنے اتحادیوں کو سرپرائز نہیں دینگے، رانا ثناء اللّٰہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اتحادیوں کو سرپرائز نہیں دیں گے، اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں کا فیصلہ ہے کہ ہم اپنی مدت پوری کریں گے۔ لاہور میں عدالت کے باہر عطاء تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ غریب آدمی کے منہ سے نوالہ چھیننا مسلم لیگ نواز کی حکومت کو گوارہ نہیں، اگر وزیراعظم شہباز شریف کو ہر طرف سے سپورٹ ملے تو ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں، ہمارے ہاتھ پاؤں باندھے گئے تو ہوسکتا ہے اتحادیوں کو اعتماد میں لے کر عوام کے پاس جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اتحادیوں کے ساتھ مشاورت میں نواز شریف صاحب ویڈیو لنک کے ذریعے شامل تھے، لوگوں کے مسائل حل کرنے سے روکا گیا تو جو ذمہ دار ہیں، انہیں بھگتنا پڑے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے خلاف چار سال تک ظلم اور زیادتی کا سلسلہ چلتا رہا، ان معاملات پر بھی از خود نوٹس لیا جانا چاہیئے، عدالت سے استدعا کریں گے کہ چار برس میں جو کچھ ہوتا رہا، اس پر بھی از خود نوٹس لیا جائے، ہم عدالت عظمیٰ اور چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ جاری نہیں رہتا تو معیشت متاثر ہوگی، ہم خوف زدہ نہیں یہ لانگ مارچ لے کر آئیں، ان کا استقبال کریں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مریم نواز سے متعلق نازبیا زبان استعمال کی، انہوں نے گھٹیا پن کا مظاہرہ کیا، ہمارا مشرقی معاشرہ ہے، صدیوں پر محیط روایات ہیں، ہماری خواتین اپنے خاندان کی عزت کی خاطر صبر کیساتھ زندگی گزارتی ہیں، مجھے لگتا ہے کہ عمران خان صاحب کا اپنا تجربہ کچھ خراب ہے۔
خبر کا کوڈ : 995355
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش