QR CodeQR Code

2018ء کے عام انتخابات کے بعد ملک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے، مصطفیٰ کمال

21 May 2022 22:41

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی شہر کے تمام لوگ مظلوم ہیں، مہاجروں کو تمام قومیتوں سے لڑوا دیا گیا ہے، اگر مہاجر مظلوم ہے تو سندھی، پنجابی، بلوچ اور پختون بھی مظلوم ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال کے دوران الله نے حکومت میں رہنے والوں کو بے نقاب کر دیا اور گزشتہ 4 ہفتوں میں عمران خان کو ایسا بے نقاب کیا کہ دنیا حیران رہ گئی ہے، 2018ء کے عام انتخابات میں جو کچھ کیا گیا اس کے بعد اب ملک بند گلی میں داخل ہو چکا ہے، ملک چلانے والے شہر کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا، آئینی طریقے سے حکومت ختم ہونے پر عمران خان کی طرح اداروں کو جو القابات دیئے جا رہے ہیں، وہ دہرانے کے بھی قابل نہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 240 کراچی کے مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، روپے کی قدر گر رہی ہے، معیشت تباہ حال ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایم کیو ایم حکومت میں رہتے ہوئے حکومت گرانے کی سازش کر رہی تھی، مہاجروں کی ساری محرومیوں کی وجہ ایم کیو ایم ہے، پیپلز پارٹی سے لڑوا کر ایم کیو ایم والے خود آصف علی زرداری کے پیروں میں جا کر بیٹھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شہر کے تمام لوگ مظلوم ہیں، مہاجروں کو تمام قومیتوں سے لڑوا دیا گیا ہے، اگر مہاجر مظلوم ہے تو سندھی، پنجابی، بلوچ اور پختون بھی مظلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق حاصل کرنے کیلئے مہاجروں کو دیگر قوموں کو اپنا دشمن بنانے کی ضرورت نہیں، تمام جیتی ہوئی جماعتوں سے پیسوں اور عہدوں کی آفر ہوئی لیکن ہم نے خود کو نہیں بیچا، پاک سرزمین پارٹی کے علاوہ کراچی والوں کے پاس اب کوئی آپشن نہیں۔


خبر کا کوڈ: 995428

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995428/2018ء-کے-عام-انتخابات-بعد-ملک-بند-گلی-میں-داخل-ہو-چکا-ہے-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org