0
Sunday 22 May 2022 23:07

ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف سے جان چھڑانی ہوگی، پروفیسر ابراہیم

ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف سے جان چھڑانی ہوگی، پروفیسر ابراہیم
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے جان چھڑانی ہوگی، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کا سہارا رِستا ہوا ناسور ہے۔ اگر سودی قرضوں اور بیرونی امداد سے ہی پاکستان کو چلانا ہے تو اس کا ڈیفالٹ کر جانا ہی ترقی کا پہلا زینہ ثابت ہوگا۔ آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور بیرونی امداد اسلام آباد کے پُر تعیش نظام کو چلانے کے لئے ہے قوم کی ترقی کے لئے ہر گز نہیں ہے۔ شہباز شریف کی مخلوط حکومت عمران خان کی مخلوط حکومت کے راستے پر جا رہی ہے، حکومتی تعیشات کا خاتمہ، معاشی خود انحصاری اورخود کفالت قومی ترقی اور مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔ قوم اور عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ اللہ کے فضل اور تائید سے ہم پاکستان کو اس کی منزل پر پہنچائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ موجودہ حکومت بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی چوکھٹ پر سجدہ ریز ہوگئی ہے، پچھلی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے خلاف لانگ مارچ کرنے والوں نے کوئی خاص کارکردگی نہیں دکھائی۔ ڈالر کی اونچی اڑان جاری ہے۔ دونوں حکومتوں نے بیرونی امداد اور قرضوں سے جان چھڑانے کی بجائے ملکی معیشت کو ان کے قبضے میں دے دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ زائد شرح سود اور اوٹ پٹانگ شرائط پر سامراجی اداروں سے قرض لے لے کر پاکستان کو اس حالت تک پہنچا دیا گیا ہے کہ اب اس کے دیوالیہ ہونے کی باتیں ہورہی ہیں۔ میڈیا پر آنے والے تجزیہ نگار بھی لوگوں کو ڈرا رہے ہیں، دیوالیہ ہونے کی صورت میں کچھ وقت کے لئے مشکل ہوسکتی ہے لیکن اس سے مستقل طور پر آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک سے چھٹکارا مل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سامراجی قوتوں سے نجات دلانے اور اسے اسلامی اور خوشحال پاکستان کے لیے عوام آگے بڑھ کر جماعت اسلامی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں۔
خبر کا کوڈ : 995547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش