0
Sunday 22 May 2022 21:34
صرف پی ٹی آئی ورکرز کو نہیں، پوری قوم کو دعوت دے رہا ہوں

غلام بننے سے موت بہتر ہے، 25 مئی کو اسلام آباد میں ملیں گے، عمران خان

یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے، باہر سے سازش کرکے ہمارے ملک کی توہین کی گئی
غلام بننے سے موت بہتر ہے، 25 مئی کو اسلام آباد میں ملیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کہ آج کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اسلام آباد مارچ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، صرف پی ٹی آئی ورکرز کو نہیں، پوری قوم کو دعوت دے رہا ہوں، 25 مئی کو اسلام آباد میں ملیں گے، ہر شعبے کے لوگ لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں، ہم کسی صورت ان چوروں کو تسلیم نہیں کریں گے، سری نگر ہائی وے پر دوپہر 3 بجے آپ سے ملوں گا، سب خواتین کو بھی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں، ہمارا مطالبہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کریں اور الیکشن کا اعلان کریں۔ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اداروں نے کہا ہم نیوٹرل ہیں تو پھر نیوٹرل رہیں، پولیس، بیورو کریسی اور فوج سے کہتا ہوں کہ ہم توڑ پھوڑ نہیں کرینگے، 26 سالہ سیاست میں ہم ہمیشہ پرامن رہے ہیں، یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہے اور اس کے لیے ہر حد تک جانے کو تیار ہوں، غلام بننے سے بہتر موت قبول ہے، بیورو کریسی نے کوئی غیر قانونی کارروائی کی تو ایکشن لیں گے، بار بار کہا جاتا ہے کہ جان کو خطرہ ہے، کوئی خطرہ نہیں، خوف ہے یہ لوگ پٹرول، ڈیزل اور انٹرنیٹ بند کر دیں گے، یہ انقلاب آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بیرونی سازش امریکا سے ہوئی، رجیم چینج کیلئے انہوں نے کرپٹ لوگوں کو اپنے ساتھ ملایا، گذشتہ 8 ماہ سے یہ سازش شروع ہوئی، امریکا نے ملک کے کرپٹ ترین لوگوں کو ساتھ ملایا، اس سازش کا علم گذشتہ جون سے ہی تھا، کوشش کرتے رہے کہ یہ سازش کامیاب نہ ہو، بدقسمتی سے ہم اس سازش کو نہیں روک سکے، 7 مارچ کو امریکی انڈر سیکرٹری نے ہمارے سفیر کو دھمکی دی، ڈونلڈ لو نے کہا اگر عمران خان کو نہیں ہٹاؤ گے تو پاکستان کیلئے مسئلے ہوں گے، یہ سازش میرے خلاف نہیں پاکستان کے خلاف ہوئی تھی۔ سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا جی ڈی پی گروتھ 6 فیصد پر تھا، ملک آگے بڑھ رہا تھا، 1960ء کی دہائی کے بعد پہلی بار ملک آگے بڑھ رہا تھا، ملک میں ریکارڈ فصلیں ہوئیں، کسانوں کو پیسہ ملا، آئی ٹی کی ایکسپورٹس پہلی دفعہ 75 فیصد تک بڑھیں۔

جب حکومت میں آئے تو پاکستان کا 20 ارب ڈالر کا بیرونی خسارہ تھا، ہم ملک کو مشکل حالات سے نکال رہے تھے کہ کورونا آگیا، ہم نے اپنے لوگوں اور معیشت کو کورونا سے بچایا، ہماری حکمت عملی کی دنیا مثال دیتی تھی۔ پی ٹی آئی چیئرمین نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب پتہ چلا ان کا تجربہ صرف کرپشن کیسز ختم کرنے میں ہے، مہنگائی کی صورتحال تشویشناک ہے، بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ پیسہ ملک میں بھیجا، ان کے پاس کوئی پلان یا روڈ میپ نہیں، اقتدار میں آنے والوں پر کیسز ہیں، مفرور باہر سے بیٹھ کر فیصلے کر رہا ہے، ایک بیرونی سازش سے ہمیں ہٹایا گیا، سازش میں یہاں کے میر صادق اور میر جعفر نے ساتھ دیا، کہا گیا کہ عمران خان کو ہٹا دیا تو معاف کر دیا جائے گا، اقتدار میں آںے والوں پر کیسز ہیں، باہر سے سازش کرکے ہمارے ملک کی توہین کی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اس ملک کے 22 کروڑ عوام کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا گیا، کہا گیا یہ وزیراعظم روس چلا گیا تھا، یہ ہمارا حکم نہیں مانتا تھا، اسے نکالو، روس سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل خریدنے کیلئے بات چیت کر رہے تھے، ہندوستان نے کل پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا اعلان کیا ہے، ہندوستان نے روس سے سستا تیل خریدا ہے، ہم بھی روس سے 30 فیصد کم قیمت پر تیل خریدنے کیلئے بات چیت کر رہے تھے، موجودہ حکومت کی جرات نہیں کہ روس سے سستا تیل یا گندم خرید سکے، میں ملک کی بہتری کیلئے کوشش کر رہا تھا، یہ باہر سے پتلے لے کر آگئے، چوروں کو وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بنا دیا گیا، یہ قوم کی توہین ہے، ملک کا وزیراعظم ضمانت پر ہے، جن پر نیب کے کیسز ان چوروں کو لایا گیا۔
خبر کا کوڈ : 995549
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش