QR CodeQR Code

تہران، جنوبی افریقہ کی ڈپٹی وزیر خارجہ کی ایرانی وزیر خارجہ کیساتھ ملاقات

23 May 2022 03:09

ایران و جنوبی افریقہ کی سیاسی مشاورتی کمیٹی کے 10ویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے ایران کے دورے پر اپنے وفد کے ہمراہ تہران آنیوالی محترمہ کینڈتھ میشیگو ڈیلامینی کیساتھ ملاقات میں ایرانی وزیر خارجہ نے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران افریقہ کیساتھ تعلقات میں کسی حد کا قائل نہیں جبکہ موجودہ ایرانی حکومت بھی براعظم افریقہ کے تمام ممالک کیساتھ تعلقات میں توسیع کی خواہاں ہے


اسلام ٹائمز۔ ایران و جنوبی افریقہ کی سیاسی مشاورتی کمیٹی کے 10ویں اجلاس کے انعقاد کے حوالے سے تہران آنے والی جنوبی افریقہ کی ڈپٹی وزیر خارجہ کینڈتھ میشیگو ڈیلامینی (Candith Mashego-Dlamini) نے آج اپنے اعلی سطحی سفارتی وفد کے ہمراہ ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر حسین امیر عبداللہیان نے دونوں ممالک کے درمیان استوار تاریخی دوستانہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران افریقہ کیساتھ تعلقات میں کسی حد کا قائل نہیں خصوصا موجودہ ایرانی حکومت براعظم افریقہ کے تمام ممالک کیساتھ استوار اپنے تعلقات میں توسیع کی خواہاں ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کی جانب سے جنوبی افریقہ کو ایک خاص نگاہ سے دیکھا جاتا ہے جبکہ دونوں ممالک میں باہمی تعلقات کی توسیع کے لئے انتہائی اعلی صلاحیت بھی موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری سال کے دوران پریٹوریا میں منعقد ہونے والا ایران و جنوبی افریقہ کی سیاسی مشاورتی کمیٹی کا 10واں اجلاس انتہائی اہم ہو گا۔ حسین امیر عبداللہیان نے اپنی گفتگو کے آخر میں مغربی ایشیائی مسائل پر جنوبی افریقہ کے اصولی موقف کی حمایت کی اور مظلوم فلسطینی عوام کی جدوجہد کو حاصل جنوبی افریقہ کی حمایت کا خیرمقدم کیا۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کی ڈپٹی وزیر برائے خارجہ امور و بین الاقوامی تعاون محترمہ کینڈتھ میشیگو ڈیلامینی نے اس ملاقات کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ سیاسی مشاورتی کمیٹی کے عنقریب منعقد ہونے والے اجلاس میں مختلف موضوعات پر تعمیری گفتگو ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع کا سنگ میل رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ مشترکہ کمیشن کے انعقاد اور دونوں ممالک کے اعلی حکام کے عنقریب دوطرفہ دوروں سے ایران و جنوبی افریقہ کے درمیان استوار تعلقات اور باہمی تعاون میں زیادہ سے زیادہ وسعت پیدا ہو گی۔


خبر کا کوڈ: 995595

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995595/تہران-جنوبی-افریقہ-کی-ڈپٹی-وزیر-خارجہ-ایرانی-کیساتھ-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org