QR CodeQR Code

کراچی میں زنجیروں سے بندھی بچی بازیاب، ماں اور سوتیلا باپ گرفتار

23 May 2022 18:05

گرفتار ملزم جاوید کے اپنے بھی چار بچے ہیں، لیکن وہ انہیں کچھ نہیں کہتا تھا، صرف سوتیلا ہونے کی وجہ سے اسی بچی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا، گرفتار ملزم پیشے کے لحاظ سے مزدور ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں اورنگی ٹاؤن پولیس نے گھر میں تشدد کا نشانہ بنائی جانے والی 8 سالہ بچی کو بازیاب کرکے بچی کو تشدد کا نشانہ بنانے والے سوتیلے باپ اور اس کی سگی ماں کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 8 بی داتا نگر میں واقع مکان 558 میں کارروائی کرتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنائی جانے والی 8 سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا، جبکہ کارروائی میں سوتیلے باپ جاوید اور سگی ماں نازیہ کو گرفتار کرلیا۔ ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن عتیق آفریدی کے مطابق گرفتار سوتیلے باپ نے بازیاب کرائی گئی بچی کو گھر میں زنجیر سے باندھ کر رکھا ہوا تھا اور اسے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا کرتا تھا۔ بچی پر تشدد کی آوازیں محلے داروں نے سنی تھیں اور واقعے کی اطلاع پولیس کو دی، جس پر پولیس نے کارروائی کی۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ سوتیلا باپ بچی کے بارے میں اہل محلہ کو کہتا تھا کہ بچی کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے، وہ بھاگ جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بازیاب کرائی جانے والی بچی ذہنی طور پر مکمل صحت مند ہے اور وومن پولیس اسٹیشن منتقل کر دی گئی ہے۔ گرفتار ملزم جاوید کے اپنے بھی چار بچے ہیں، لیکن وہ انہیں کچھ نہیں کہتا تھا، صرف سوتیلا ہونے کی وجہ سے اسی بچی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا، گرفتار ملزم پیشے کے لحاظ سے مزدور ہے۔ بعد ازاں پولیس نے گرفتار سوتیلے باپ اور سگی ماں کے خلاف اہل محلہ کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 2022/259 بجرم دفعہ 328 اے اور 342 کے تحت درج کرلیا۔


خبر کا کوڈ: 995694

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995694/کراچی-میں-زنجیروں-سے-بندھی-بچی-بازیاب-ماں-اور-سوتیلا-باپ-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org