QR CodeQR Code

جرائم پیشہ عناصر کی معاونت کرنے والے پولیس اہلکاروں سے محکمہ پاک کیا جائے، شاہی سید

18 Sep 2011 15:59

اسلام ٹائمز:ایک بیان میں اے این پی سندھ کے صدر نے کہا کہ محکمہ پولیس کی کالی بھیڑوں کی وجہ سے عوام میں ادارے کا اعتماد مجروح ہوا ہے، پولیس گناہ گار کو بے قصور اور بے گناہ کو قصور وار ثابت کرنے کے بجائے حقیقت پسندانہ کردار ادا کرے


کراچی:اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر و چیئرمین پختون ایکشن کمیٹی لویہ جرگہ شاہی سید نے باچا خان مرکز کراچی سے جاری بیان میں کہا ہے کہ محکمہ پولیس کو جرائم پیشہ عناصر اور ان کے سرپرستوں کیخلاف حقیقت پسندانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ فرض شناس افسران جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی اور معاونت کرنے والے پولیس اہلکاروں سے محکمہ پاک کریں۔ جرائم پیشہ عناصر قانونی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر معاشرے میں بگاڑ کا باعث بنتے ہیں۔ کسی مظلوم کو بچانا انسانی فرض اور کسی ظالم کو سزا سے بچانا سب سے بڑا جرم ہے۔ شاہی سید نے مزید کہا کہ قانونی کمزوری کے باعث سنگین جرائم میں ملوث عناصر ضمیر فروش پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر گواہوں پر اثر انداز ہو کر مقدمات اپنے حق میں کرا لیتے ہیں۔ پولیس اگر کسی گناہ گار کو بے قصور اور بے گناہ کو قصور وار ثابت نہ کرے تو معاشرہ ناقابل تلافی نقصان سے بچ سکتا ہے۔
صدر اے این پی سندھ نے کہا کہ ہر ادارے کو قیام امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ عوام جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کرتے ہوئے اس لئے کتراتے ہیں کیونکہ محکمہ پولیس کی کالی بھیڑوں کی وجہ سے ادارے کا اعتماد مجروح ہوا ہے۔ اداروں کو سیاسی وابستگی سے بالا تر اور سچائی مدنظر رکھتے ہوئے اپنا فریضہ سر انجام دینا ہو گا۔ محکمے کو قانون شہادت اور مقدمات کی کمزوری کو دور کر کے مدعی اور گواہ کو تحفظ فراہم کرنا ہو گا بصورت دیگر جرائم پیشہ عناصر پر ڈالے گئے آہنی ہاتھ کمزور رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 99572

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/99572/جرائم-پیشہ-عناصر-کی-معاونت-کرنے-والے-پولیس-اہلکاروں-سے-محکمہ-پاک-کیا-جائے-شاہی-سید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org