QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کا لانگ مارچ، لاہور کو سِیل کر دیا گیا، درجنوں کارکن گرفتار

اوچھے حکومتی ہتھکنڈے ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے، شفقت محمود

24 May 2022 12:03

حکومت نے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ رات بھر چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا جس میں اب تک لاہور بھر سے درجنوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ راستوں کی بندش سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت نے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریاں بھی شروع کر دی ہیں۔ رات بھر چھاپوں کا سلسلہ جاری رہا، جس میں اب تک لاہور بھر سے درجنوں افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔ پولیس کی جانب سے رات گئے علامہ اقبال کے پوتے ولید اقبال کی رہائش گاہ پر بھی چھاپہ مارا گیا، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

اسی طرح سابق وفاقی وزیر میاں حماد اظہر کی رہائش گاہ پر بھی پولیس نے چڑھائی کی، دروازے پیٹے اور توڑ پھوڑ بھی کی تاہم وہاں سے بھی کوئی رہنما پولیس کے ہاتھ نہیں لگا۔ پولیس کی جانب سے صوبائی وزیر تجارت میاں اسلم اقبال کی ماڈل ٹاون میں واقع رہائش گاہ پر بھی ریڈ کیا گیا، لیکن شہریوں کی جانب سے مزاحمت پر پولیس میاں اسلم اقبال کو گرفتار کئے بغیر ہی لوٹ گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا ہے، جن کو نامعلوم مقام پر متنقل کر دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی مقامی قیادت بھی زیر زمین چلی گئی ہے۔

سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے نامعلوم مقام سے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو ٹیلی فون پر بتایا کہ رانا ثناء اللہ کی ہدایت پر پنجاب پولیس ہمارے کارکنوں کو گرفتار کر رہی ہے، یہ اوچھے حکومتی ہتھکنڈے ہمارا راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتے، ہمارے کارکن تمام رکاوٹیں پھلانگ کر اسلام آباد پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، جس سے یہ ناجائز اور امپورٹڈ حکومت ہمیں محروم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اس پر عدالت کو از خود نوٹس لینا چاہیے کہ حکومت کیوں کارکنوں کو ناجائز حراساں کر رہی ہے، چادر و چاردیواری کا تقدس پامال کیا جا رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 995800

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995800/پی-ٹی-ا-ئی-کا-لانگ-مارچ-لاہور-کو-س-یل-کر-دیا-گیا-درجنوں-کارکن-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org