0
Tuesday 24 May 2022 12:37

تحریک انصاف کی کارکنوں کی گرفتاریاں، ہائیکورٹ نے کل رپورٹ طلب کرلی

تحریک انصاف کی کارکنوں کی گرفتاریاں، ہائیکورٹ نے کل رپورٹ طلب کرلی
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ میں تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ کے شرکاء پر ممکنہ تشدد اور گرفتاریوں کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی سے کل رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے کیس کو آج دوبارہ سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے ریمارکس دیئے کہ پی ٹی آئی کے دور میں بھی ایسا ہوا۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے یوسف رشید وائیں کی درخواست پر سماعت کی۔ وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گزشتہ روز درخواست دائر کی تھی، رات سے لانگ مارچ روکنے کیلئے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ چاہتے کیا ہیں؟ پی ٹی آئی کی حکومت میں بھی ایسا ہی ہوتا رہا ہے، پی ٹی آئی نے ٹی ایل پی، ن لیگ، جے یو آئی ف کیخلاف بھی اسی طرح کیا تھا۔
 
وکیل درخواست گزار نے کہا جتنی رکاوٹیں ہیں، ان کو ہٹانے کا حکم دیا جائے، غیر قانونی مقدمات درج نہ کئے جائیں، جو غیرقانونی چھاپے مارے جا رہے ہیں، انہیں روکنے کا حکم دیا جائے، پولیس دیواریں پھلانگ کر نوجوانوں، بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کو پکڑ کر ہراساں کر رہی ہے۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا ہم حکم دے دیں کہ قانون کے مطابق مقدمات درج کئے جائیں؟ وکیل درخواستگزار نے جواب دیا اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو کوئی بات نہیں۔
 
جسٹس چودھری عبدالعزیز نے کہا لاء آفیسر صاحب آپ چیف سیکرٹری اور آئی جی سے کل کیلئے رپورٹ منگوا لیں۔ وکیل نے کہا کل 25 مئی کو لانگ مارچ ہے، کیس کو آج ہی سماعت کیلئے دوبارہ مقرر کر دیں۔ جسٹس چودھری عبدالعزیز نے کہا رپورٹ آئے گی تو دیکھ لیں گے۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل 25 مئی تک ملتوی کر دی۔ درخواست میں وزیراعظم، وزیر داخلہ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان کیا ہے، لانگ مارچ کیلئے ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کی طرف روانہ ہونگے، لانگ مارچ کے قافلوں میں خواتین، بچے، بزرگ شہریوں سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگ شامل ہوں گے۔

درخواست گزار نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے بیانات سے لگتا ہے لانگ مارچ کے شرکاء کو روکا جائے گا، میڈیا کی خبروں کے مطابق پی ٹی آئی کے سرکردہ افراد کی گرفتاری کیلئے لسٹیں بھی بنائی گئی ہیں، خدشہ ہے کہ ریاستی طاقت استعمال کرکے لانگ مارچ کے شرکاء پر تشدد کیا جائے گا۔ استدعا ہے کہ عدالت حکومت کو لانگ مارچ کے شرکاء کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے، مزید استدعا ہے کہ عدالت حکومت کو لانگ مارچ کے شرکاء کو ممکنہ ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے۔
خبر کا کوڈ : 995806
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش