QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ کا سلمان حیدر کے قتل کا نوٹس لینا صرف زبانی دعویٰ ثابت ہو رہا ہے، علامہ ناظر عباس تقوی

ایک بار پھر تکفیری دہشتگرد قوتیں متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، علامہ حسن ظفر نقوی

24 May 2022 20:02

کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں نے کہا کہ گورنر، وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی سلمان حیدر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کا فوری نوٹس لیں، قتل میں ملوث دہشتگردوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ شہید سلمان حیدر کے قتل میں ملوث دہشتگردوں کو فوری گرفتار کیا جائے، 2 ماہ گزر جانے کے باوجود سلمان حیدر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری حکومتی نا اہلی ہے، ملک بھر میں ایک بار پھر تکفیری دہشتگرد قوتیں متحرک ہوتی دکھائی دے رہی ہیں، وزیراعلیٰ سندھ کا شہید سلمان حیدر کے قتل کا نوٹس لینا صرف زبانی دعویٰ ثابت ہو رہا ہے، ایک طرف ٹارگٹ کلنگ کا بازار گرم ہے تو دوسری جانب لاپتہ شیعہ افراد کی بازیابی کیلئے بھی ریاستی ادارے مجرمانہ کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مختلف شیعہ تنظیموں کے رہنماؤں علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر حسین زیدی، علامہ علی انور جعفری اور معروف سماجی شخصیت شہید سلمان حیدر کے بھائی ذیشان حیدر نے کراچی پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب میں کیا۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سلمان حیدر کا قتل ان مذموم عناصر کی کارستانی ہے جو ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، ظلم و بربریت کے اس واقعہ کی شدید مذمت اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہیں، شہر میں سفاک دہشتگردوں کے خلاف فوری کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی تو دہشت گردی کے خلاف لڑی گئی طویل جنگ اور ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانیاں رائیگاں چلی جائے گی، قومی سلامتی کے اداروں کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ ملک دشمنوں کو سر اٹھانے سے پہلے کچل دیں۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت و ریاستی اداروں کا شیعہ کلنگ میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری اور مسنگ پرسن کے معاملے میں کردار باعث شرم ہے، انہیں اگر کسی مغوی کو بازیاب کرانا ہو تو اگلے چھ گھنٹوں میں اسے پاتال سے نکال کر لے آتے ہیں، مگر ہمارے عمائدین کے قاتل عدم گرفتار اور مسنگ پرسن کے اہل خانہ گزشتہ دس دس سالوں اپنے پیاروں کی بازیابی کے منتظر ہیں۔

رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ جیسے سنگین واقعات کے بعد قانون نافذکرنے والے اداروں کی ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، شیعہ مساجد و امام بارگاہوں کے ساتھ علما و ذاکرین اور معروف شیعہ شخصیات کو تحفظ فراہم کرنا ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، حساس اداروں کی جانب سے شیعہ علماء کرام شخصیات کو تھریٹ کے لیٹرز تو نکلتے ہیں مگر سکیورٹی فراہم نہیں کی جاتی، آخر کب تک یہ سلسلہ چلے گا، حکومت اس سلسلے میں فوری طور پر احکامات صادر کرے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کو اگر دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف ٹھوس انداز میں استعمال کیا جاتا تو آج نتائج مختلف ہوتے اور ملک دشمن عناصر کو آزادانہ ملک دشمن سرگرمیوں کا موقع نہ ملتا، ریاست اپنا آئینی کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے سات کروڑ تشیع کو جان و مال کا تحفظ دے، ہم اپنے حقوق کی آئینی ق قانونی جنگ لڑ رہے ہیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہید سلمان حیدر نے ہمیشہ اتحاد بین المسلمین کا پرچار کیا، یہاں مذہبی منافرت اور انتشار پھیلانے والے تکفیری عناصر کو نہ صرف کھلی چھوٹ دی گئی ہے بلکہ حکومت کی طرف سے انہیں مکمل تحفظ بھی دیا جاتا ہے، اس کے برعکس وحدت و اخوت اور مذہبی رواداری کا پرچار کرنے والوں کو دہشت گردی کی بھینٹ چڑھا دیا جاتا ہے، سندھ حکومت کی طرف سے سلمان حیدر کے قتل کو نظر انداز کیا جانا افسوسناک اور صوبائی حکومت کے تعصب کو ظاہر کرتا ہے، ظالموں کو خوش کرنے کے لئے مظلوموں کے زخموں پر نمک پاشی ناقابل برداشت ہے، سلمان حیدر کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گورنر، وزیراعلیٰ سندھ، کور کمانڈر کراچی قاتلوں کی عدم گرفتاری کا فوری نوٹس لیں، قتل میں ملوث دہشتگردوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے، قاتلوں کی گرفتاری اور قرار واقعی سزا تک ملت تشیع چین سے نہیں بیٹھے گی، عدم گرفتاری کی صورت میں ملت جعفریہ کے احتجاج کا حق آئینی و قانونی ہوگا، پھر کسی ریڈ زون کی پروا نہیں کی جائے گی۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سلمان حیدر کے قتل کے واقع کی سی سی فوٹیج ریاستی اداروں کے پاس موجود ہے مگر 70 دن گزر جانے کے باوجود اہل خانہ کو صرف گمراہ کیا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، بہت جلد ملت جعفریہ کی نمائندہ تنظیمیں اپنا مشترکہ لائحہ دیں گی۔ اس موقع پر رضی حیدر، غفران مجتبی، ایڈوکیٹ راشد رضوی سمیت دیگر موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 995861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995861/ایک-بار-پھر-تکفیری-دہشتگرد-قوتیں-متحرک-ہوتی-دکھائی-دے-رہی-ہیں-علامہ-حسن-ظفر-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org