QR CodeQR Code

امریکا و اسرائیل کی غلامی امت کے زوال، ذلت اور تحقیر کا باعث ہے، علامہ مقصود ڈومکی

24 May 2022 21:42

مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو ماورائے آئین اور قانون مسنگ کرنا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں، ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے والوں کو یہ بات سوچنی ہوگی کہ اگر ریاستی ادارے ہی لا قانونیت کا راستہ اختیار کریں گے تو پھر کس طرح ملک میں امن اور استحکام قائم ہو سکتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع جیکب آباد کے زیر اہتمام ڈی سی روڈ پر منعقدہ سالانہ مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ قرآن کریم نے ہمیں یہود و نصاریٰ کے ساتھ دوستی کرنے اور ان کی ولایت کو تسلیم کرنے سے روکا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ مسلم حکمران خصوصاً عرب حکمران یہود و نصاریٰ کی ولایت کو تسلیم کرچکے ہیں، قرآن کریم کی روشنی میں یہود و نصاریٰ کی ولایت کو تسلیم کرنا حرام اور گناہ ہے، مگر آج دنیائے اسلام خصوصاً حکمران طبقہ یہود و نصاریٰ کی اطاعت میں غلامی کی ساری حدیں کراس کرچکا ہے، امریکا و اسرائیل کی غلامی امت کے زوال ذلت اور تحقیر کا باعث ہے اور یہ قرآن کریم کی تعلیمات سے بغاوت کا نتیجہ ہے، قرآن کریم کے مطابق امت مسلمہ کو آزاد اور خودمختار قوم کی طرح اپنی داخلی اور خارجی پالیسی مرتب کرنی چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ کو ان خائن حکمرانوں سے جواب طلبی کرنی چاہیئے جو یہود و نصاریٰ کی پیروی کرتے ہوئے قبلہ اول بیت المقدس مسجد اقصیٰ اور فلسطین کا سودا کرچکے ہیں، جنہوں نے کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ خیانت کی ان کا محاسبہ بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ ایک محب وطن ملت ہے جس نے ہمیشہ وطن عزیز پاکستان کی عزت اور سربلندی کے لئے قربانیاں دی ہیں، ہمارے نوجوانوں کو ماورائے آئین اور قانون مسنگ کرنا کسی طور پر بھی قابل قبول نہیں ہے، اگر کسی انسان نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالتوں میں پیش کیا جائے، حیرت کی بات ہے کہ ریاستی اداروں کو اپنی ہی عدلیہ پر اعتماد نہیں ہے، ملک میں جنگل کا قانون نافذ کرنے والوں کو یہ بات سوچنی ہوگی کہ اگر ریاستی ادارے ہی لا قانونیت کا راستہ اختیار کریں گے تو پھر کس طرح ملک میں امن اور استحکام قائم ہو سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 995877

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/995877/امریکا-اسرائیل-کی-غلامی-امت-کے-زوال-ذلت-اور-تحقیر-کا-باعث-ہے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org